جن ہاتھوں نےسنوارا ان کو کیسے چھوڑیں؟
دنیا بدل رہی ہے، سائنس نے انسان کی زندگی کو آسان بنانے کے ایسے بے شمار راستے تلاش کر لیے ہیں جن کا چند دہائیاں پہلے تصور بھی مشکل تھا۔ مصنوعی ذہانت سے لے کر روبوٹکس تک، موبائل فون سے لے کر خلائی تحقیق تک، انسان نے اپنے لیے ایک نئی دنیا تعمیر کر لی ہے۔ مگر اس نئی دنیا کا ایک المیہ یہ ہے کہ اس نے رفتار کو قدر اور عمر کو بوجھ سمجھنا شروع کر دیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس سائنسی دنیا میں بزرگوں کے لیے واقعی کوئی جگہ باقی ہے؟
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تحریر نے اسی سوال کو پھر زندہ کر دیا ہے۔ اس میں انتہائی تلخ لہجے میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت بزرگوں کی طرف توجہ نہیں دیتی تو گویا انہیں مر جانے دینا چاہتی ہے۔ بظاہر یہ جملہ اشتعال انگیز ہے، مگر اس کے پیچھے چھپا سوال انتہائی سنجیدہ ہے: کیا بزرگ ہونا جرم ہے؟
ہم ایک ایسی دنیا میں داخل ہو چکے ہیں جہاں انسان کی قدر اس کی عمر سے نہیں بلکہ اس کی رفتار، پیداوار اور معاشی افادیت سے ناپی جانے لگی ہے۔ نوجوان ہے تو امکانات کا استعارہ، بوڑھا ہے تو خرچ کا بوجھ ! یہ سوچ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ تاریخ کے ساتھ بھی ایک بڑی ناانصافی ہے۔
جن ہاتھوں کو آج ہم کمزور کہتے ہیں، انہی ہاتھوں نے سڑکیں بنائیں، عمارتیں کھڑی کیں، ادارے قائم کیے، بچوں کو پڑھایا، کاروبار چلائے، ٹیکس ادا کیے اور اپنے حصے کی پوری زندگی ملک اور خاندان کے نام کر دی۔ اگر آج وہ تیز نہیں چل سکتے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کی زندگی کی رفتار ختم ہو گئی۔ ان کے پاس وہ تجربہ ہے جو کسی یونیورسٹی، کسی مصنوعی ذہانت اور کسی جدید مشین سے نہیں خریدا جا سکتا۔
یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔ جین زی نئی دنیا کی توانائی ہے تو بزرگ اس دنیا کی یادداشت۔ نوجوان مستقبل کا خواب دیکھتا ہے، بزرگ ماضی کی غلطیوں اور کامیابیوں کا تجربہ اپنے ساتھ لے کر چلتا ہے۔ ایک کے بغیر دوسرا ادھورا ہے۔
افسوس یہ ہے کہ جدید معاشرہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سکھاتا ہے مگر بزرگوں کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ بھولتا جا رہا ہے۔ ملازمتوں میں عمر رکاوٹ بن جاتی ہے، قرض اور انشورنس کے دروازے محدود ہو جاتے ہیں، سفر کی رعایتیں ختم ہو جاتی ہیں، صحت کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد ایک ایسا خلا پیدا ہو جاتا ہے جس میں انسان خود سے سوال کرنے لگتا ہے کہ کیا اب میری ضرورت کسی کو نہیں؟ہندوستان جیسے ملک میں جہاں ماں باپ کو تیرتھ یاترا کرنے کے لئے شرون کمار جیسا کردار تاریخ کی روایت کا حصہ ہے، وہاں بوڑھے ماں باپ کو اگر بوجھ سمجھا جانے لگے تو اس کا صاف مطلب ہے کہ بھارت کو اپنی سنسکرتی سے کوئی مطلب نہیں ،یہ سنسکرتی اور پرمپرا کا جو نعرہ لگایا جاتا ہے وہ محض سیاسی نعرہ ہے ۔بوڑھے برگد تک کو پوجے جانے والے دیش میں بزرگوں کی اس حالت زار پر رونے والا کوئی نہیں ۔
یہ صرف ہندوستان کا مسئلہ نہیں۔ دنیا کے بہت سے معاشرے اسی بحران سے گزر رہے ہیں۔ سائنسی ترقی نے عمر بڑھا دی، مگر سماجی نظام اس بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ انصاف کرنا نہیں سیکھ سکا۔ نتیجہ یہ ہے کہ انسان زیادہ عمر تو پا رہا ہے مگر زیادہ باوقار زندگی نہیں۔ حکومتوں کو بزرگوں کے لیے صرف خیرات نہیں، حقوق کی بات کرنی چاہیے۔ معقول پنشن، قابلِ رسائی اور سستی صحت کی سہولت، مناسب انشورنس، عوامی نقل و حمل میں رعایت، بزرگوں کے مقدمات کی ترجیحی سماعت اور ایسے مراکز جہاں وہ تنہائی کے بجائے معاشرتی زندگی کا حصہ بن سکیں ، یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔اور اس سے بھی زیادہ ضروری ہے کہ بزرگوں کو صرف ’’مستفیدین‘‘ نہ سمجھا جائے۔ انہیں متحرک شہری سمجھا جائے۔ اسکولوں، یونیورسٹیوں، مقامی اداروں اور سماجی تنظیموں میں ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کے راستے بنائے جائیں۔ ایک ریٹائرڈ استاد، انجینئر، صحافی، ڈاکٹر، سپاہی، کاریگر یا کسان اپنی زندگی کا تجربہ نئی نسل کو دے سکتا ہے۔ یہ قومی سرمایہ ہے، بوجھ نہیں۔ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ آج کا نوجوان کل کا بزرگ ہے۔ جو معاشرہ آج اپنے بزرگوں کو نظر انداز کرتا ہے، وہ دراصل اپنے ہی مستقبل کو نظر انداز کر رہا ہوتا ہے۔
جین زی کو دنیا میں جتنی جگہ چاہیے، بزرگوں کو بھی اتنی ہی جگہ چاہیے۔ یہ دنیا صرف ان لوگوں کی نہیں جو نئی ایپ بناتے ہیں، نئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں یا تیز رفتار زندگی دوڑ رہے ہیں۔ یہ ان لوگوں کی بھی ہے جنہوں نے اس دنیا کو ہمارے لیے قابلِ رہائش بنانے میں اپنی پوری زندگی لگا دی۔ اس لیے بزرگوں سے یہ کہنا کافی نہیں کہ ’’آپ نے ملک کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔‘‘ اب وقت آگیا ہے کہ ملک عملی طور پر بھی ثابت کرے کہ اسے اپنے بزرگ شہریوں کی ضرورت ہے۔بزرگ ہونا زندگی کی آخری منزل نہیں، زندگی کے ایک ایسے مرحلے کا نام ہے جہاں رفتار کم ہوسکتی ہے، مگر بصیرت، تجربہ اور انسانی وقار کم نہیں ہونا چاہیے۔
دنیا اگر واقعی سائنسی اور مہذب بننا چاہتی ہے تو اسے اپنی نئی نسل کے ساتھ اپنی پرانی نسل کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ ورنہ یہ ترقی تو ہوگی، مگر تہذیب نہیں۔
