قومی خبریں

ہمارا مضبوط اتحاد بی جے پی کو بڑا چیلنج دے گا: سلمان خورشید

فرخ آباد،  (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس کا اس کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ اچھا تال میل ہے اور ہمارا مضبوط اتحاد بی جے پی کو بڑا چیلنج دے گا۔ ہم کامیابی اور ترقی کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں۔مسٹر خورشید آج اتوار کو دوپہر سے پہلے فرخ آباد ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 35 کلومیٹر دور قائم گنج کے پتورا گاؤں میں واقع اپنی رہائش گاہ سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین محل کے ہال میں کانگریس کارکنوں کی میٹنگ میں شرکت کے دوران صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ انقلاب ہونا چاہیے، جہاں ناانصافی ہے، وہاں اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہونا چاہیے۔ ہمارے نوجوان ملک بھر میں انقلاب کے لیے آگے بڑھیں، لیکن اقتدار میں بیٹھے لوگ ناراض ہوجاتے ہیں، حالانکہ انہیں ناراض نہیں ہونا چاہیے، بلکہ زندگی کے طریقے میں تبدیلی کی بات ہونی چاہیے۔ زندگی کے سفر میں بچہ چھوٹے سے بڑا ہوتا ہے اور پھر بوڑھا ہوجاتا ہے۔ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع ملنے چاہئیں، یہی انقلاب ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اتحاد سبھی لوگ کررہے ہیں۔ جو اتحاد بڑا ہوگا، وہ کامیاب ہوگا اور جو چھوٹا ہوگا، اسے بھی کچھ نہ کچھ مل جائے گا۔ اس کا فیصلہ آنے والا وقت کرے گا۔سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مسٹر خورشید نے بتایا کہ ان کی عوامی، نجی اور سیاسی زندگی الگ ہے۔ ہمارے درمیان تال میل اور اچھے تعلقات ہیں۔
ہر کام ہم ان کی مرضی سے نہیں کریں گے اور وہ ہر کام میری مرضی سے نہیں کریں گے۔ ہم ان کے نظریۂ حیات کا احترام کرتے ہیں اور وہ ہمارے نظریۂ حیات کا احترام کرتے ہیں۔ ہم دونوں اپنے اپنے طور پر جو فیصلے کرتے ہیں، وہ سب کو پسند آتے ہیں اور سبھی ایک دوسرے کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں مسٹر خورشید نے کہا کہ کون کہاں سے انتخاب لڑے گا، اس کا اعلان ہم نہیں کرسکتے، کیونکہ ہمارے اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر آپس میں بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کون کہاں سے انتخاب لڑے گا۔اس موقع پر سابق رکن اسمبلی محترمہ لوئیس خورشید، کانگریس کے سینئر لیڈر پرکاش پردھان، سابق ضلع صدر مرتیونجے شرما، شہر صدر انکور مشرا اور ضلع صدر شکنتلا دیوی سمیت دیگر افراد موجود تھے۔