قومی خبریں

غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کار نومبر میں سرمایہ کاری کا نیا ریکارڈ بنانے کی جانب گامزن

ممبئی،  (یو این آئی۔) غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کار (ایف پی آئی) نومبر میں ہندوستانی سرمایہ بازار میں ریکارڈ سرمایہ کاری کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

20 نومبر تک ایف پی آئی 13.67 ارب ڈالر یعنی 1,28,608 کروڑ روپے کی خالص سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ اگر مہینے کے آخر تک یہی رجحان برقرار رہا تو یہ ایک ماہ میں ایف پی آئی کی سرمایہ کاری کا نیا ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ خالص خریداری سے مراد بازار میں لگائی گئی رقم اور بازار سے نکالی گئی رقم کے درمیان فرق ہے۔

اس سے پہلے صرف 2 مواقع ایسے آئے ہیں جب ایف پی آئی نے ایک ہی مہینے میں ہندوستانی سرمایہ بازار میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ دسمبر 2023 میں انہوں نے 10.15 ارب ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کی تھی۔ اس کے بعد ستمبر 2024 میں انہوں نے 11.16 ارب ڈالر کی خالص خریداری کی تھی، جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں اب تک ایف پی آئی نے صرف حصص بازار میں 12.996 ارب ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کی ہے۔ قرض سے متعلق سرمایہ کاری میں ان کی رقم 66.3 کروڑ ڈالر اور باہمی فنڈز میں 1.2 کروڑ ڈالر بڑھی ہے۔ وہیں مخلوط سرمایہ کاری کے ذرائع میں ان کی سرمایہ کاری 1.1 کروڑ ڈالر کم ہوئی ہے۔

ایسے وقت میں جب امریکہ اور دنیا کے دیگر بڑے بازاروں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے وابستہ کمپنیوں کے حصص کی فروخت دیکھی جا رہی ہے، غیر ملکی سرمایہ کار ہندوستان کو سرمایہ کاری کے ایک محفوظ مقام کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جہاں مصنوعی ذہانت کا اثر اب بھی اتنا زیادہ نہیں ہے۔

اس سے پہلے اکتوبر اور ستمبر میں مسلسل 2 ماہ تک ایف پی آئی خالص فروخت کنندہ رہے تھے۔ اکتوبر میں انہوں نے 2.51 ارب ڈالر اور ستمبر میں 6.11 ارب ڈالر کی خالص سرمایہ کاری بازار سے نکالی تھی۔

موجودہ کیلنڈر سال میں اب تک ایف پی آئی مجموعی طور پر خالص فروخت کنندہ رہے ہیں۔ انہوں نے 20 نومبر تک 10.86 ارب ڈالر کی خالص رقم بازار سے نکالی ہے۔ اس دوران حصص بازار میں ان کی سرمایہ کاری میں 18.41 ارب ڈالر کی کمی آئی ہے۔ قرض سے متعلق سرمایہ کاری اور باہمی فنڈز میں انہوں نے اپنی سرمایہ کاری بڑھائی ہے، جبکہ مخلوط سرمایہ کاری کے ذرائع میں ان کی سرمایہ کاری کم ہوئی ہے۔