اتر پردیش

طالب علم ڈگریوں کے بجائے مہارتوں کو ترجیح دیں: راج ناتھ سنگھ

لکھنؤ۔۔ ایم این این۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کے روز طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی ڈگریوں سے آگے دیکھیں، اپنی دلچسپیوں کو پہچانیں اور اپنے کیریئر کی بنیاد اپنی مہارتوں اور پیشہ ورانہ قابلیت پر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایک ڈگری پہلا موقع فراہم کر سکتی ہے، لیکن آخر کار آپ کی صلاحیتیں ہی آپ کی شناخت کا تعین کریں گی۔لکھنؤ میں بابو بنارسی داس یونیورسٹی کی کانووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ طلباء کو اپنی ڈگریوں کی وجہ سے اپنے کیریئر کے انتخاب کو محدود نہیں کرنا چاہیے اور انہیں نئے راستے تلاش کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، “آپ کی ڈگری یقیناً آپ کو پہلا موقع دلائے گی، لیکن اس کے بعد آپ کی شناخت آپ کی مہارتوں سے بنے گی۔ یہ صرف آپ کی ڈگری سے نہیں، بلکہ آپ کی سیکھنے کی صلاحیت، آپ کی پیشہ ورانہ معلومات اور آپ کی پیشہ ورانہ قابلیت سے طے ہوگی۔”اعتماد اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پیشہ ورانہ قابلیت افراد میں وہ اعتماد پیدا کرنے میں مدد کرتی ہے جو مشکل حالات پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی دلچسپیوں اور جذبے کے مطابق کیریئر کا انتخاب کریں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جس مضمون میں کوئی شخص ڈگری حاصل کرتا ہے، ضروری نہیں کہ وہی اس کی پیشہ ورانہ زندگی کی سمت کا تعین کرے۔انہوں نے کہا، میرا ماننا ہے کہ ڈگری کا مقصد آپ کو کسی مخصوص شعبے تک محدود کرنا نہیں ہے؛ یہ صرف آپ کے کیریئر کے لیے ایک نقطہ آغاز فراہم کرتی ہے۔ اس کے بعد آپ کیا کرتے ہیں، اس کا انحصار آپ کی دلچسپیوں اور ان دلچسپیوں کے ساتھ ساتھ آپ کی مہارتوں پر ہوتا ہے۔”فلم ساز ستیہ جیت رے اور ہندوستان میں سفید انقلاب کے معمار ڈاکٹر ورگیز کورین کی مثالیں دیتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے نشاندہی کی کہ ان دونوں نے اپنے ابتدائی تعلیمی پس منظر سے ہٹ کر مختلف راستے اختیار کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ستیہ جیت رے نے معاشیات (اکنامکس( کی تعلیم حاصل کی تھی، جبکہ ڈاکٹر ورگیز کورین نے ہندوستان کی کوآپریٹو تحریک میں ایک نمایاں شخصیت بننے سے قبل مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی تھی۔انہوں نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، “اسی لیے میں کہتا ہوں کہ میرے بچو، اپنے لیے نئے راستے بنانے سے کبھی نہ گھبرائیں۔ اپنی زندگی میں نئے راستے تلاش کرنے اور بنانے سے کبھی مت ڈریں۔
” وزیر دفاع نے طلباء کو خبردار کیا کہ وہ ‘ خود پر شک’ کو اپنی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں۔