ایچ پی وی ٹیکہ کاری مہم میں ایک کروڑ ٹیکوں کا ہدف عبور
وزیر اعظم نریندر مودی نے نے اسے سروائیکل کینسر کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا
نئی دہلی، (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ہندوستان کی قومی ایچ پی وی ٹیکہ کاری مہم کے تحت ایک کروڑ سے زیادہ ٹیکے لگائے جانے کی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے اسے ملک میں احتیاطی صحت نگہداشت کی کوششوں کا ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لڑکیوں میں ہونے والے رحم کے کینسر (سروائیکل کینسر) سے محفوظ رکھنے اور ان کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں اس کامیابی کو ”احتیاطی صحت نگہداشت کی سمت ہمارے سفر کا ایک اہم سنگ میل” قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”ہر ٹیکہ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے اور ان کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کی سمت ایک قدم ہے۔”ملک گیر مہم سے وابستہ افراد کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، ”میں ان تمام متعلقہ فریقوں کی ستائش کرتا ہوں، جن کی کوششوں سے یہ قابل ذکر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔”
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے 21 نومبر کو اس کامیابی کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم نے فروری 2026 میں قومی ایچ پی وی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا تھا اور اس کے نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ایک کروڑ سے زیادہ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ اس مہم کے تحت 14 سال کی عمر کی تقریباً 1.2 کروڑ بچیوں کے سالانہ ہدفی گروپ میں سے تقریباً 87 فیصد تک ٹیکے کی رسائی یقینی بنائی جا چکی ہے۔یہ کامیابی خواتین کو متاثر کرنے والے کینسر سے متعلق صحت کے بڑے مسائل میں شامل سروائیکل کینسر کی روک تھام کے لیے ہندوستان کی کوششوں میں توسیع کی عکاسی کرتی ہے۔ ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) کی بعض زیادہ خطرے والی اقسام کا انفیکشن سروائیکل کینسر کے بیشتر معاملات کا سبب بنتا ہے۔ وائرس سے متاثر ہونے سے پہلے ٹیکہ کاری کو ایک مؤثر احتیاطی تدبیر تصور کیا جاتا ہے، جو زندگی کے بعد کے مراحل میں اس بیماری کے پیدا ہونے کے خطرے کو کافی حد تک کم کرتی ہے۔
قومی مہم کے تحت 14 سال کی بچیوں کو سرپرستوں کی رضامندی سے گارڈاسل۔4 ٹیکے کی ایک خوراک رضاکارانہ طور پر مفت دی جا رہی ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں ٹیکہ کاری کی وسیع رسائی یقینی بنانے کے لیے یہ پروگرام مقررہ بنیادی صحت مراکز، کمیونٹی ہیلتھ مراکز اور ضلعی اسپتالوں کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے۔وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کئی ریاستوں نے قابل ذکر پیش رفت درج کی ہے۔ گجرات، اتر پردیش، آندھرا پردیش، میزورم، مدھیہ پردیش اور بہار نے اپنے نشان زدہ ہدفی گروپ کی 100 فیصد ٹیکہ کاری مکمل کر لی ہے۔
مجموعی طور پر لگائے گئے ٹیکوں کی تعداد کے معاملے میں اتر پردیش ملک میں سب سے آگے ہے، جہاں 29.33 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی گئی ہیں۔ اس کے بعد بہار میں 13.70 لاکھ اور گجرات میں 7.75 لاکھ خوراکیں دی گئی ہیں۔ دیگر ریاستوں نے بھی اچھی پیش رفت کی ہے۔ آسام میں ہدفی گروپ کی 95.63 فیصد، تلنگانہ میں 95.28 فیصد، کرناٹک میں 93.16 فیصد اور اتراکھنڈ میں 90.17 فیصد ٹیکہ کاری ہوئی ہے۔
ایک کروڑ ٹیکوں کا ہندسہ ایسے وقت میں حاصل کیا گیا ہے، جب حکومت ہندوستان کے صحت نگہداشت نظام کو علاج پر مبنی اقدامات سے ہٹا کر روک تھام، ابتدائی تشخیص اور بروقت طبی نگہداشت کی سمت لے جانے پر زور دے رہی ہے۔ ٹیکہ کاری، عوامی بیداری اور جانچ اس نقطہ نظر کے اہم ستون ہیں۔ خاص طور پر ان بیماریوں سے نمٹنے میں ان کا اہم کردار ہے، جو خواتین کو غیر متناسب طور پر متاثر کرتی ہیں۔
ایچ پی وی ٹیکہ کاری سے سروائیکل کینسر کا خطرہ کافی حد تک کم ہو جاتا ہے، لیکن صحت حکام اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ ٹیکہ کاری کے ساتھ بیداری اور باقاعدہ جانچ بھی ضروری ہے۔ کینسر سے پہلے پیدا ہونے والی تبدیلیوں کی شناخت اور بروقت طبی مداخلت یقینی بنانے کے لیے بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص اہم ہے۔
مہم کی پیش رفت ریاستی محکمہ ہائے صحت، ڈاکٹروں، پیش پیش رہنے والے صحت کارکنوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کی خدمات کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ ان سبھی نے اہل بچیوں کو ٹیکہ کاری کے لیے راغب کرنے، بیداری سے متعلق خامیوں کو دور کرنے اور ٹیکہ لگانے کے عمل کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔تقریباً 1.2 کروڑ بچیوں کے سالانہ ہدفی گروپ کے مقابلے ایک کروڑ سے زیادہ خوراکیں دیے جانے کے ساتھ مہم نے نفاذ کے اعتبار سے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے اس کامیابی کی ستائش احتیاطی صحت نگہداشت پر حکومت کے زور کو اجاگر کرتی ہے۔ ایچ پی وی ٹیکہ کاری خواتین کی آئندہ نسل کی صحت کے تحفظ کی قومی کوششوں میں ایک اہم اقدام بن کر ابھری ہے۔
