فلم

ریلیز سے قبل ‘یہ پریم مول لیا’ کی موسیقی کو ملے ایک ارب ویوز

ممبئی،  (یواین آئی) بالی ووڈ فلم ساز سورج آر بڑجاتیا کی آنے والی فلم ‘یہ پریم مول لیا’ نے ریلیز سے پہلے ہی موسیقی کے میدان میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ فلم کے میوزک البم کو تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایک ارب سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔آیوشمان کھرانہ اور شروری کی اداکاری سے سجی اس فلم کی موسیقی کو ملنے والے شاندار ردعمل کے بعد، موسیقار ہمیش ریشمیا اور ان کے میوزک لیبل ‘ہمیش ریشمیا میلوڈیز’ نے گانوں کا خصوصی ونائل ریکارڈ ایڈیشن جاری کرنے کی تیاری کی ہے۔ اس کا اعلان فلم کی ریلیز سے قبل کیا گیا ہے۔
راج شری پروڈکشنز کی موسیقی کی روایت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کی فلموں ‘میں نے پیار کیا’ اور ‘ہم آپ کے ہیں کون..!’ کے گیت 1980 اور 1990 کی دہائی میں بے حد مقبول ہوئے تھے۔ ان فلموں کی موسیقی نے کیسٹ کے دور میں فروخت اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔ ‘میں نے پیار کیا’ کے تقریباً 50 لاکھ کیسٹ فروخت ہونے کا اندازہ ہے، جبکہ ‘ہم آپ کے ہیں کون..!’ کی موسیقی ہندی سنیما کے مقبول ترین میوزک البمز میں شامل رہی ہے۔راج شری پروڈکشنز اور مہاویر جین فلمز کے مشترکہ بینر تلے بننے والی اس فلم کی ہدایت کاری سورج آر بڑجاتیا نے کی ہے۔ فلم میں آیوشمان کھرانہ اور شروری مرکزی کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم 27 نومبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔