انگلینڈ کے سابق کپتان بین اسٹوکس نے آئی پی ایل 2027 کی نیلامی کے لیے اپنا نام درج کرایا
اسٹوکس آئی پی ایل میں اب تک تین ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔ آخری بار وہ 2023 میں چنئی سپر کنگز کا حصہ تھے
ممبئی، (یو این آئی) آئی پی ایل 2025 کی بڑی نیلامی میں اپنا نام نہ دینے کا فیصلہ کرنے کے دو سال بعد انگلینڈ کے سابق کپتان بین اسٹوکس نے آئی پی ایل 2027 کی نیلامی کے لیے اپنا نام درج کرایا ہے۔ منگل کے روز آئی پی ایل کی جانب سے فرنچائزیز کے ساتھ شیئر کی گئی کھلاڑیوں کی طویل فہرست کے مطابق اسٹوکس ان 30 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے زیادہ سے زیادہ 2 کروڑ روپے کا بیس پرائس رکھا ہے۔
2025 کی بڑی نیلامی سے قبل نافذ کیے گئے قوانین کے مطابق، جو کھلاڑی پہلے لیگ میں کھیل چکے تھے لیکن بڑی نیلامی کے لیے اپنا نام درج نہیں کرایا تھا، انہیں اگلی چھوٹی نیلامی میں شامل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ اس وجہ سے اسٹوکس 16 دسمبر کو گوا میں ہونے والی 2027 کی نیلامی تک اپنا نام درج کرانے کے اہل نہیں تھے۔
اسٹوکس ان نمایاں کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے انگلینڈ کے لیے اپنے کیریئر کو طویل کرنے پر توجہ دینے کے سبب بڑی نیلامی سے دوری بنائی تھی۔ اسٹوکس، جنہوں نے 2026 کی گرمیوں کے آغاز میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی، نے 2024 میں ہونے والے ‘دی ہنڈریڈ کے بعد سے کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں انہیں ہیمسٹرنگ کی چوٹ لگی تھی۔ انہیں 2025 کے آغاز میں ایم آئی کیپ ٹاؤن کے لیے ایس اے 20 میں کھیلنا تھا، لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف انہیں ایک بار پھر ہیمسٹرنگ کی چوٹ لگی اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
اسٹوکس آئی پی ایل میں اب تک تین ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔ آخری بار وہ 2023 میں چنئی سپر کنگز کا حصہ تھے۔ 2017 میں رائزنگ پونے سپرجائنٹس نے انہیں 14.5 کروڑ روپے (اس وقت تقریباً 21.6 لاکھ امریکی ڈالر) میں خریدا تھا۔ اس وقت وہ آئی پی ایل کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بنے تھے۔ 2023 میں سی ایس کے نے انہیں 16.25 کروڑ روپے میں خریدا۔ تاہم، گھٹنے کی تکلیف کے باعث وہ صرف دو میچ ہی کھیل سکے۔
