بے موسم بارش سے متاثرہ کسانوں کو امداد فراہم کرنے کی سمراٹ چودھری کی ہدایت
پٹنہ، (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ریاست کے بعض حصوں میں گزشتہ دنوں ہوئی بے موسم بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات کے بعد محکمہ زراعت اور محکمہ آفاتِ انتظامیہ کو ریاست کے تمام اضلاع سے معلومات حاصل کرنے، فصلوں کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ کسانوں کو ضروری امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ حالیہ دنوں میں ریاست کے بعض علاقوں میں بے موسم بارش کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ زراعت اور محکمہ آفاتِ انتظامیہ کو تمام اضلاع سے صورت حال کی معلومات حاصل کرنے، فصلوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لینے اور متاثرہ کسانوں کو ضروری امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مسٹر چودھری نے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے تئیں ریاستی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کی پریشانیوں کے تئیں پوری طرح حساس ہے اور ہر صورت حال میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے خراب موسم سے متاثرہ کسانوں کے نقصانات کا فوری جائزہ لے کر مناسب امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں بارش سے متعلق موصولہ اطلاعات کے مطابق مونگیر، بانکا، بیگوسرائے اور نالندہ سمیت بعض اضلاع میں نسبتاً زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پٹنہ، جموئی، کھگڑیا، مدھے پورہ اور کٹیہار کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ بھاگلپور علاقے میں بھی بے موسم بارش کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
