بہار نامہ

بیماریوں کےمکمل خاتمہ کیلئے امیونو تھراپی ہی واحد طریقہ : ڈاکٹر رقیب عالم

قدرت کے اصولوں پر چلیں گے تب ہی صحت مند سماج کی تشکیل ہوگی، بہار میڈیکل ایکسپو 2026 سے ڈاکٹر رقیب عالم کا صحت، نارسیسسٹ پرسنلٹی ڈس آرڈر اور سماجی اصلاح پر اہم خطاب

پٹنہ، (پریس ریلیز) بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے گیان بھون میں جاری   ’بہار میڈیکل ایکسپو 2026 ‘میں منعقد تقریب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رقیب عالم نے ایک پُر مغز اور فکر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے بیماریوں کی روک تھام، کینسر کے علاج کے متبادل طریقوں، اور خاص طور پر’’نارسیسسٹ پرسنلٹی ڈس آرڈر‘‘ جیسی ذہنی و سماجی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر رقیب عالم نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ کینسر کے علاج کے لیے مارکیٹ میں بنیادی طور پر تین طریقے (کیمو تھراپی، ریڈی ایشن اور سرجری) دستیاب ہیں، لیکن یہ تمام طریقے پوری طرح مؤثر نہیں ہیں اور ان کے شدید سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کینسر کے علاج کے لیے جسم کی قوت مدافعت کو مضبوط بنانے والی’’امیونو تھراپی‘‘پر وسیع پیمانے پر تحقیق کرنے کی سخت ضرورت ہے۔
ڈاکٹر رقیب نے جسمانی اور ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ روحانی صحت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ روحانی زوال کی وجہ سے انسان کی شخصیت متاثر ہوتی ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے ’نارسیسسٹ پرسنلٹی ڈس آرڈر‘کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ بظاہر بہت اچھے، پر اعتماد اور دلکش معلوم ہوتے ہیں، لیکن درحقیقت وہ خود غرض، جھوٹے اور دوسروں کو کنٹرول کرنے والے ہوتے ہیں۔ ان کی اس ذہنی حالت کی وجہ سے گھریلو تشدد، خواتین کے حقوق کی پامالی اور سماجی تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کووڈ کے بعد کے دور میں بڑھتی ہوئی اس نوعیت کی ذہنی وباء پر تشویش کا اظہار کیا، جس کی وجہ سے گھریلو اور سماجی سطح پر جرائم اور قتل و غارت گری کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر رقیب عالم نے بہار کے 16 اضلاع میںڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام کی شروعات پر صوبے کے وزیر صحت نشانت کمار اور محکمہ صحت کے حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہتر تحقیق، بیداری اور مضبوط صحت خدمات کے ذریعے ہی سماج کو صحت مند بنایا جا سکتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ملٹی ڈسپلنری تعلیم دی جائے۔حکومت، عدلیہ، مقننہ، انتظامیہ اور میڈیا کو مل کر معاشرے سے جھوٹ، فریب، حسد اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر رقیب نے خواہش ظاہر کی کہ بہار کو دنیا کے لیے امن اور صحت کا ایک ماڈل بنایا جائے، جہاں کے 98 فیصد لوگوں کو ایک بہتر اور اخلاقی انسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ علم ہی طاقت ہے، اور اگر ہم اپنے دل کو پاک صاف کر کے فطرت کے اصولوں پر چلیں گے، تب ہی ایک پرامن اور صحت مند سماج کی تشکیل ممکن ہو سکے گی۔