قومی خبریں

بولنا تو پڑیگا— اتر پردیش کا انتخاب: صرف حکومت نہیں، ملک کے مستقبل کا بھی فیصلہ کریگا!

9968778671
اتر پردیش کا اسمبلی انتخاب محض ایک ریاستی انتخاب نہیں ہوگا۔ یہ ملک کی سیاست کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس انتخاب میں کئی چہرے نہیں، کئی سیاسی نظریات اور مستقبل کے امکانات بھی آزمائش سے گزریں گے۔یہاں امتحان ہوگا یوگی آدتیہ ناتھ کے بلڈوزر ماڈل کی مقبولیت کا۔ یہ طے ہوگا کہ عوام کو سخت گیر سیاست زیادہ پسند ہے یا روزگار، تعلیم اور ترقی کے سوالات۔ مودی کے جادو اور امت شاہ کی چانکیہ نیتی کی بھی آزمائش ہوگی۔ یہ انتخاب بتائے گا کہ بی جے پی کی انتخابی مشینری اب بھی ناقابل شکست ہے یا اس کے طلسم میں دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔سب سے اہم امتحان پسماندہ اور غریب طبقوں کے ووٹروں کا ہوگا۔ کیا پانچ کلو اناج کی اسکیم ان کے لیے تعلیم، روزگار، مہنگائی اور بنیادی سہولتوں سے زیادہ اہم ہے؟ کیا مذہبی جذبات انہیں اپنے حقیقی معاشی مسائل بھلانے پر مجبور کردیں گے؟ یا وہ اس مرتبہ نعروں اور مذہبی سیاست سے آگے بڑھ کر اپنی زندگی کے سوالات پر ووٹ دیں گے؟ یہی فیصلہ اتر پردیش کی سیاست کا رخ متعین کرے گا۔یہ انتخاب سیکولرازم کی عوامی مقبولیت کا بھی امتحان ہوگا۔ کیا ہندو اور مسلمان ووٹر مذہبی تقسیم سے اوپر اٹھ کر مشترکہ سیاسی مفادات کے لیے ووٹ دے سکیں گے؟ کیا ذات پات اور مذہب کی دیواریں ترقی، تعلیم اور روزگار کے سوالات کے سامنے کمزور پڑیں گی؟اس انتخاب کے نتائج کا اثر دہلی تک پہنچے گا۔ اگر بی جے پی کو بڑا دھچکا لگتا ہے تو 2029 کے لوک سبھا انتخاب سے پہلے مرکزی حکومت کی سیاسی گرفت کمزور ہوسکتی ہے۔ اس کے برعکس یوپی میں کامیابی مودی حکومت کو نئی طاقت دے گی۔ اس لیے یہ انتخاب 2029 کی سیاست کا ابتدائی ریہرسل بھی ہوگا۔لیکن اس انتخاب کا ایک دلچسپ پہلو بی جے پی کے اندرونی اقتدار کی کشمکش بھی ہے۔ کیا امت شاہ کی سیاسی حکمت عملی انہیں مودی کے بعد وزارت عظمیٰ کا مضبوط دعوے دار بنائے گی؟ یا یوگی آدتیہ ناتھ کی کامیابی انہیں مودی کے متبادل کے طور پر پیش کرے گی؟ یوپی میں بڑی کامیابی یوگی کے قومی قد کو بڑھا سکتی ہے، جبکہ ناکامی ان کے سیاسی مستقبل پر سوالیہ نشان لگائے گی۔دوسری طرف راہل گاندھی کے محبت کے پیغام اور اکھلیش یادو کی سیاسی بصیرت کا امتحان ہوگا۔ کیا دونوں رہنما ذاتی سیاسی مفادات سے اوپر اٹھ کر اتحاد کو مضبوط رکھ سکیں گے؟ یا ٹکٹوں کی تقسیم اور سیٹوں کی سودے بازی ہی اتحاد کی بنیادیں ہلا دے گی؟ اپوزیشن کے لیے اصل چیلنج بی جے پی کو شکست دینے سے پہلے خود کو متحد رکھنا ہے۔ اگر کانگریس اور سماج وادی پارٹی انتخاب سے پہلے ہی ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہوگئیں تو بی جے پی کو کسی انتخابی حکمت عملی سے زیادہ بڑا تحفہ خود اپوزیشن دے دے گی۔مایاوتی کی بی ایس پی کے لیے بھی یہ فیصلہ کن مرحلہ ہوگا۔ کیا وہ دلت ووٹروں میں اپنا پرانا اعتماد بحال کر پائیں گی یا ان کا سیاسی اثر مزید محدود ہوگا؟ اسدالدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد کی سیاست بھی آزمائش سے گزرے گی۔ کیا وہ اپنی الگ سیاسی شناخت کو ووٹوں میں تبدیل کر سکیں گے؟ یا ان کی سیاست محض انتخابی بیانات اور چند حلقوں تک محدود رہے گی؟ انہیں یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ ان کی سیاسی حکمت عملی کسی دوسرے سیاسی فریق کے لیے بالواسطہ فائدے کا سبب نہیں بنتی۔حقیقت یہ ہے کہ اتر پردیش کا انتخاب صرف بی جے پی اور اپوزیشن کے درمیان مقابلہ نہیں ہوگا۔ یہ بلڈوزر اور آئین، مذہبی سیاست اور عوامی مسائل، نعروں اور کارکردگی، شخصیت پرستی اور جمہوری شعور کے درمیان بھی ایک بڑی آزمائش ہوگی۔اس انتخاب میں جو جیتے گا، وہ صرف لکھنؤ کی حکومت نہیں بنائے گا، بلکہ 2029 کی قومی سیاست کے امکانات بھی طے کرے گا۔ اسی لیے اتر پردیش کا انتخاب پورے ملک کی سیاست کا سب سے بڑا امتحان بننے جا رہا ہے۔