عمر خالد اور شرجیل امام کو سپریم کورٹ نےایک بار پھر ضمانت دینے سے کیا انکار
نئی دہلی،،سماج نیوز:دہلی فسادات کے سلسلے میں جیل میں بند عمر خالد اور شرجیل امام کو ابھی تک سپریم کورٹ سے راحت نہیں ملی ہے۔ انہیں اپنی طویل قید اور مقدمے کی سماعت میں تاخیر کی بنیاد پر عبوری ضمانت ملنے کی امید تھی، لیکن بدھ کو عدالت نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح طور پر کہا، آج نہیں۔ تاہم سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں تین ججوں کی بنچ نے ان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، جس میں جسٹس جویمالیہ باغچی اور جسٹس وی موہنا بھی شامل ہیں۔ دونوں نے دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس نے ان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں۔ سماعت کے دوران عمر خالد کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل کپل سبل نے عبوری ضمانت کی درخواست کی۔ شرجیل امام کی نمائندگی کرنے والے سدھارتھ ڈیو نے بھی اپنی طویل قید کا حوالہ دیتے ہوئے راحت کی درخواست کی۔ دونوں کا موقف تھا کہ استغاثہ نے ابھی تک محفوظ گواہوں کی گواہی مکمل نہیں کی۔ جنوری 2026 میں، سپریم کورٹ نے ایک سال کی مدت یا محفوظ گواہوں کی گواہی کی تکمیل کو ان کی ضمانت پر نظر ثانی کی شرائط کے طور پر مقرر کیا تھا۔ یہ مقدمہ شمال مشرقی دہلی میں فروری 2020 کے فسادات کے پیچھے ایک مبینہ بڑی سازش سے متعلق ہے۔ یہ تشدد شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور مجوزہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے خلاف مظاہروں کے دوران پیش آیا۔ کیس کے سلسلے میں عمر خالد کو 13 ستمبر 2020 اور شرجیل امام کو 25 اگست 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں کو UAPA کے تحت الزامات کا سامنا ہے۔
