اتر پردیش

سہارنپور کی 2 نشستوں پر اکھلیش نے امیدواروں کا کیا اعلان

سہارنپور،  (یو این آئی۔) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے ضلع سہارنپور کی بیہٹ اور سہارنپور دیہات اسمبلی نشستوں پر اپنے موجودہ اراکین اسمبلی کو دوبارہ امیدوار قرار دے کر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر عمران مسعود کی سیاسی حکمت عملی کو جھٹکا دیا ہے۔ ایس پی کے اس فیصلے سے دونوں جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم پر کھینچ تان بڑھنے کے امکانات ہیں۔ایس پی نے بیہٹ سے عمر علی خان اور سہارنپور دیہات سے آشو ملک کو امیدوار بنایا ہے۔ عمران مسعود سہارنپور دیہات اسمبلی نشست سے اپنے قریبی قانون ساز کونسل کے رکن شاہنواز خان کی امیدواری کے لیے کوشش کر رہے تھے۔ وہیں سابق رکن اسمبلی مسعود اختر کو بھی کانگریس کے ٹکٹ پر ضلع کی کسی ایک نشست، خاص طور پر بیہٹ سے انتخاب لڑانے کی یقین دہانی کرائی جا رہی تھی۔ایس پی کے اعلان کے بعد عمران مسعود نے میڈیا سے بات چیت کے دوران ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اکھلیش یادو کانگریس کو بھکاری نہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ جن نشستوں کا کانگریس نے مطالبہ نہیں کیا اور جن پر دونوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے بھی نہیں ہوا، وہاں ایس پی کی جانب سے امیدواروں کا اعلان کردینے سے اتحاد کے لیے جاری مذاکرات کے جواز پر سوال کھڑے ہوتے ہیں۔اس دوران مسعود نے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سرگرم ہوکر باہر نکلیں تو سیاسی حالات بدل سکتے ہیں۔دوسری جانب بیہٹ سے ایس پی کے اعلان کردہ امیدوار عمر علی خان نے علاقے میں انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ ایک پروگرام میں انہوں نے دوبارہ امیدوار بنائے جانے پر اکھلیش یادو کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم انہوں نے عمران مسعود کی ناراضگی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ سہارنپور دیہات سے ایس پی کے امیدوار آشو ملک نے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔سیاسی حلقوں میں بحث ہے کہ ایس پی کے دونوں امیدواروں کے اعلان کے بعد عمران مسعود کے سامنے متبادل راستے محدود ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب وہ شاہنواز خان کو سہارنپور شہر کی نشست سے کانگریس کا امیدوار بنانے پر غور کرسکتے ہیں۔ تاہم شاہنواز خان نے بھی اس سلسلے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔تازہ سیاسی پیش رفت سے سہارنپور میں ایس پی اور کانگریس کے درمیان نشستوں کی تقسیم کو لے کر کھینچ تان کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
بی جے پی بھی دونوں جماعتوں کے درمیان جاری سیاسی رسہ کشی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔