ممبئی پولیس نے سی جے پی رہنماؤں دیپکے، داس اور رانکا کے خلاف جاری کیا لک آؤٹ سرکلر
ممبئی، (یو این آئی) مہاراشٹر میں ممبئی پولیس نے گاندھی جینتی کے موقع پر دادر واقع شیواجی پارک میں احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کے معاملے میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں جمعرات کو کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے رہنماؤں ابھیجیت دیپکے، آشوتوش رانکا اور سوربھ داس کے خلاف لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کیا۔ سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے۔
یہ لک آؤٹ سرکلر ایسے وقت جاری کیے گئے ہیں، جب مسٹر دیپکے سمیت سی جے پی کے دیگر رہنماؤں کا یوم آئین کے موقع پر جمعرات کو ناگپور کے سنودھان چوک پر اداکار پرکاش راج کے ساتھ ایک احتجاجی پروگرام ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو مسٹر دیپکے نے دیکشا بھومی کا دورہ کیا اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یاد میں خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر دیپکے نے میڈیا اہلکاروں سے کہا، “اگر ملک کے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، تو پہلے آئین کی حفاظت کرنا ضروری ہے۔ اگر آئین نہیں رہے گا، تو ہندوستان کا وجود ہی خطرے میں پڑ جائے گا۔” انہوں نے کہا کہ یوم آئین ملک کے ہر شہری کے لیے ایک مقدس اور اہم دن ہے، کیونکہ اسی دن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے ملک کو آئین دیا تھا، جس نے ہر شہری کو حقوق فراہم کیے ہیں اور ان حقوق کی حفاظت کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔
مسٹر دیپکے نے کہا کہ وہ ودربھ میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جمعہ سے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور اس دوران کسانوں اور ان کے بچوں سے بات چیت کریں گے۔
سی جے پی کے شریک کنوینر آشوتوش رانکا نے بتایا کہ تنظیم کسانوں کے مسائل کو براہ راست سمجھنے کے لیے ودربھ کے ساتھ ساتھ مراٹھواڑہ کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کرے گی۔ مسٹر رانکا نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے کسانوں کو دی جا رہی 5,000 روپے کی معمولی امداد کافی نہیں ہے اور ان کے مسائل کے مستقل حل کی ضرورت ہے۔
