اتر پردیش

پلوی پٹیل نے سارناتھ سے شروع کی 12 روزہ ‘روزگار اور بھاگیداری یاترا

وارانسی،  (یو این آئی) اپنا دل (کامیراوادی) کی لیڈر اور رکن اسمبلی پلوی پٹیل نے جمعرات کو وارانسی کے سارناتھ سے 12 روزہ ‘روزگار اور بھاگیداری یاترا’ کا آغاز کیا۔ اس دوران انہوں نے روزگار، معاشی پالیسیوں اور پسماندہ و دلت طبقات کی سیاسی شراکت داری کے مدعے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو گھیرا۔ انہوں نے سال 2027 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی مخالف جماعتوں کے اتحاد پر بھی زور دیا۔
پلوی پٹیل نے کہا کہ اس یاترا کے ذریعے مرکز اور ریاستی حکومت سے روزگار کے معاملے پر سوالات پوچھے جائیں گے۔ حکومت کو بتانا ہوگا کہ اب تک کتنے نوجوانوں کو روزگار ملا اور روزگار کے شعبے میں نوجوانوں کی شراکت داری کتنی بڑھی ہے۔ ملک کی معیشت اور مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے حوالے سے کیے جا رہے دعوؤں کی حقیقت بھی عوام کے سامنے آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امرت کال میں کتنی نئی صنعتیں قائم ہوئیں اور ان سے کتنے لوگوں کو روزگار ملا، یہ بھی یاترا کا اہم مدعا ہوگا۔ بی جے پی حکومت پر سرکاری اداروں کو گھاٹے کا سودا بتا کر بیچنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری روزگار اور ضرورتمند نوجوانوں کے درمیان کنٹریکٹ نظام کی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے۔
رکن اسمبلی نے نوجوانوں سے روزگار کے سوال پر سڑکوں پر اترنے اور مرکز و ریاستی حکومت سے جواب طلب کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے مستقبل اور حقوق کے لیے آواز اٹھانی ہوگی۔
یاترا وارانسی سے شروع ہو کر چندولی، بھدوہی، پریاگ راج، سیتاپور، سلطان پور اور پیلی بھیت سمیت ریاست کے تقریباً 30 سے زیادہ اضلاع سے گزرے گی۔ آٹھ دسمبر کو لکھنؤ میں اس کا اختتام ہوگا۔ اس دوران پلوی پٹیل نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کہا کہ جلد ہی اتحاد سے پردہ اٹھے گا۔ جو بی جے پی کے خلاف کھڑا ہے اس کا انہوں نے خیرمقدم کیا۔