ریاستی خبریں

قومی مفاد میں ہونے پر حد بندی بل کی حمایت کرے گی این سی پی: سپریہ سولے

ناسک (مہاراشٹر)،  (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے جمعرات کو کہا کہ اگر مجوزہ حد بندی (ڈی لمیٹیشن) بل قومی مفاد میں ہوگا، تو ان کی پارٹی اس کی حمایت کرے گی، تاہم اس پر حتمی فیصلہ لینے سے پہلے ‘انڈیا’ اتحاد اس بل کا اجتماعی طور پر جائزہ لے گا۔محترمہ سولے نے کہا کہ ماضی میں بھی قومی مفاد سے جڑے اہم بلوں کو منظور کرانے کے لیے اپوزیشن اور حکمراں جماعت نے ہاتھ ملایا ہے۔ انہوں نے کہا، “وسیع تر اپوزیشن کی نمائندگی کرنے والا ‘انڈیا’ اتحاد اس بات پر غور و خوض کرے گا کہ مجوزہ حد بندی کا عمل ملک، جمہوریت اور اس کے شہریوں کے لیے فائدہ مند ہے یا نہیں۔”انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی سمیت اتحاد کی تمام حلیف جماعتیں اجتماعی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے بحث میں حصہ لیں گی۔

پونے میں ایک عدالت کے باہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محترمہ سولے نے مہاراشٹر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 دنوں میں فائرنگ، قتل اور اغوا کے واقعات بار بار سامنے آئے ہیں، جس سے واضح ہے کہ پوری ریاست میں مجرمانہ سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔ مہاراشٹر کے محکمہ داخلہ کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ جرائم پر قابو پانے میں بے بس نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ دیویندر فڈنویس کی محکمے کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح ریاستی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔

پنجاب میں شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) اور بی جے پی کے درمیان اتحاد سے جڑی حالیہ سیاسی پیش رفت پر محترمہ سولے نے سوال اٹھایا کہ کیا وہ مسائل حل ہو گئے ہیں، جن کی وجہ سے پانچ سال پہلے اکالی دل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) سے الگ ہوا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شرومنی اکالی دل نے کسان تحریک اور تین متنازعہ زرعی قوانین کے معاملے پر بی جے پی سے ناطہ توڑا تھا۔

محترمہ سولے نے سوال کیا کہ کیا کسان خوشحال ہو گئے ہیں، کیا انہیں کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت مل گئی ہے اور کیا ان کے قرض سے جڑے خدشات کا ازالہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل اب بھی حل طلب ہیں اور اس نئے اتحاد کو دونوں جماعتوں کی سیاسی مجبوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پیش رفت سیاسی حقیقتوں کا حصہ ہیں۔