کشن ریڈی کی منشیات سے پاک ہندوستان مہم تیسرے دن میں داخل
ٹالی ووڈ کی معروف فلمی شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں نوجوانوں اور طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
حیدرآباد، 27 نومبر (یو این آئی) مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی کی جانب سے شروع کی گئی ”حیدرآباد واک فار نشہ مکت بھارت” (منشیات سے پاک ہندوستان) پیدل مارچ جمعہ کے روز تیسرے دن میں داخل ہوگئی۔ اس موقع پر ٹالی ووڈ کی معروف فلمی شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں نوجوانوں اور طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
یہ پیدل مارچ ستیام تھیٹر کے قریب سے شروع ہوئی۔ اس سے قبل کشن ریڈی نے امیرپیٹ کے ایک گردوارے میں خصوصی دعائیں کیں۔ مارچ میں فلمی ہدایت کار بویاپاٹی سرینو، اداکار سائی کمار اور معروف مِمکری فنکار شیوا ریڈی سمیت کئی فلمی شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے منشیات کے استعمال کے خلاف جاری مہم کی حمایت کا اعلان کیا۔ ٹالی ووڈ کے معروف اداکار اکینینی ناگرجنا بھی اس پیدل مارچ میں شریک ہوئے۔
مارچ کے دوران ڈھول کی تھاپ نے شرکاء کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا۔ اس موقع پر شیوا ریڈی نے بھی پُرجوش انداز میں رقص کرکے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اداکار سائی کمار نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور اپنی توانائی ملک کی ترقی میں صرف کریں۔ سوامی وویکانند کے مشہور قول ”اٹھو، بیدار ہو اور اس وقت تک نہ رکو جب تک منزل حاصل نہ ہوجائے” کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ذمہ دارانہ فیصلے کرنے، اپنے والدین اور اساتذہ کا احترام کرنے اور اپنے مستقبل کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے۔
اداکار ناگرجنا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ہندوستان کو منشیات سے پاک بنانے کا عزم کامیاب ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ کو اس مہم سے جوڑنے کے لیے کشن ریڈی کی پہل کو سراہا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں سرگرمی سے حصہ لیں اور اسے نئی نسل کے بہتر مستقبل کے لیے ایک اہم ضرورت قرار دیا۔
فلمی ہدایت کار بویاپاٹی سرینو نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ نوجوان منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیر کے لیے آگے آرہے ہیں۔
انہوں نے سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں متحد ہوکر حصہ لیں، اپنی صحت کی حفاظت کریں اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کی کوششوں کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
