ایک زمانہ وہ تھا جب مسلمان کے سجدے سے زمین لرزہ بر اندام ہوتی تھی
6291697668
افسوس ہے مومن ہو اور غیروں کے روبرو کمر میں پٹکا باندھے کھڑا ہو۔ مومن کبھی غلام، بھکاری، ایک دوسرے سے نفرت کرنے والا یا اپنی ملت کا غدار نہیں ہو سکتا۔ایک زمانہ وہ تھا جب مسلمان کے سجدے سے زمین لرزہ بر اندام ہوتی تھی، گردشِ ایام اس کی منشا کے مطابق ہوتی تھی۔ اگر کسی پتھر پر بھی اس کے سجدے کا نقش پڑتا تھا تو وہ دھوئیں کی مانند فضا میں دیوانہ وار جھومنے لگتا۔ لیکن عصرِ نو میں مسلمانوں کے نصیب میں ذلت و خواری کے سوا کچھ بھی نہیں، کیونکہ مسلمانوں نے اپنا ایمان کوڑیوں کے مول بیچ ڈالا ہے، اپنے گھر اور اس کے ساز و سامان کو آگ لگا دی ہے۔ اس کے ناز کے انداز میں نیاز نہیں رہا۔ مسلمان کی نماز روزے سب بے نور ہیں۔ ان کے پاس اللہ کے سوا کچھ نہ تھا لیکن اب دولت سے محبت اور موت کے خوف ان پر حاوی ہے۔
ان کے بس میں اب کچھ نہیں رہا، یہ خود تو زندہ درگور ہو رہے ہیں اور اپنے دین کو بھی کتابوں میں بند کر دیا ہے۔ افسوس اب مسلمان کے سینے میں قرآن کی گرمی نہ رہی، بلکہ ہر کوئی اپنے اپنے متعین راستے پر رواں دواں ہے۔ آج مسلمان ملاؤں کا شکار ہے، ملا کے نزدیک منکرِ حق کافر ہے، لیکن منکرِ خود کافر سے بھی بڑا کافر ہے۔ جو وجودِ حق سے انکار کرے وہ تو صرف عاجل ہے، لیکن جو اپنے آپ کو نہ جانے وہ عاجل بھی ہے، ظالم بھی ہے اور جاہل بھی ہے۔ آج ہم اپنی زندگیوں کے معاملات پر نظر دوڑائیں اور غور کریں تو ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ ہم اپنی زندگیوں کے شب و روز میں اتنا گم ہو گئے ہیں کہ ہمیں اس دنیا کا خالق جس نے ہمیں اس دنیا میں فقط اس لیے پیدا کیا کہ ہم اس کی عبادت کریں، ہمیں نبیوں میں سب سے اونچی شان والے نبی کا امتی بنایا، لیکن آج ہمیں وہ رب یاد نہیں اور نہ اس کے احکام، اور نہ ہی اس حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ۔
ہمارے سارے مسلمان دن میں پانچ مرتبہ خدا سے التجا کرتے ہیں کہ اے اللہ ہمیں ان لوگوں کے راستے پر چلا جن پر تیرا انعام نازل ہوتا ہے اور ان کے راستے پر نہ چلا جن پر تیرا غضب نازل ہوا اور جو گمراہ ہیں۔ یہ التجا ہم بڑے خشوع و خضوع کے ساتھ گڑگڑا گڑگڑا کر بیسوں دفعہ روزانہ دہراتے ہیں لیکن سائے میں انہی لوگوں کے چلنا چاہتے ہیں جو راستے سے بھٹکے ہوئے ہیں جنہوں نے گمراہی کو ترجیح دے رکھی ہے، جو زندگی بھر شیطانیت کو گلے لگا رکھنے کے باوجود جہنم کی آگ سے بالکل بے پرواہ ہیں۔ ہم اتنے بدبخت لوگ ہیں کہ ہمیں سمجھ ہی نہیں آ رہی ہے کہ ہم کس کس کو کہاں کہاں کیسا کیسا دھوکا دینا چاہ رہے ہیں۔ جو گناہ ہمارے شمار میں نہیں آتے ان کا حساب ہم حج کے موقع پر شیطان مردود کو کنکریاں مار کر برابر کر دیتے ہیں۔
پھر خوف کس بات کا؟ پھر کیوں ہم خوفزدہ رہتے ہیں؟ اس لیے کہ ہم مرنا نہیں چاہتے، ہمیں زندگی سے پیار ہو گیا ہے، ہم نے اتنا کچھ سمیٹ لیا ہے کہ ہم اسے کھونا نہیں چاہتے۔ ہم ان جمع کیے ہوئے خزانوں کو ہزاروں سالوں پر محیط زندگی کے اندر بھی خرچ نہ کر سکیں لیکن ہم ساٹھ ستر برس کی مختصر سی مدت میں ان خزانوں سے پوری طرح لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ یہ جانتے ہوئے کہ یہ سارے خزانے ہماری کسی معذوری کو رفع کر سکتے ہیں، نہ پرہیزی کھانوں سے نجات دلا سکتے ہیں، نہ جوانی واپس لا سکتے ہیں اور نہ ہی ایک لمحے کے لیے موت کو ٹال سکتے ہیں۔ اس کے باوجود ان خزانوں پر سانپ بن کر اس یقین سے بیٹھے رہنا چاہتے ہیں جیسے ہمیں نہیں ان خزانوں کو موت آنی ہے اور انہیں موت سے بچانا ہمارا فرض ہے۔
آج مسلمان اپنے دین، قرآن مجید اور اپنے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے مکمل غافل ہو چکے ہیں تبھی ان پر پوری دنیا میں مظالم ہو رہے ہیں۔ حالانکہ آج مسلمانوں کے پاس قرآن مجید اور اللہ کے رسول ہیں، ان کی رہنمائی ہر معاملے میں موجود ہے، شہادت کا پورا فلسفہ ہے، آج سب کچھ امتِ مسلمہ کے پاس ہے، سارا کفر مل کر بھی اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لیکن آج ہم اتنے کمزور کیوں ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ ہمارا اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ناطہ کمزور پڑ چکا ہے۔ ہے، ہم قرآن و حدیث کے بجائے مسلکی مولویوں کی لکھی ہوئی کتابوں کو اپنی رہنمائی کے لیے پڑھتے ہیں اور پڑھ پڑھ کر مسلکی خانے میں بٹتے جا رہے ہیں اور گمراہیت و ضلالت میں غرق ہوتے جا رہے ہیں۔ ہم اپنے اپنے مولویوں کی باتوں پر تو عمل جوش و خروش سے کرتے ہیں لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا چھوڑ دیا۔ ایک دور تھا کہ مسلمانوں نے دنیا کو فتح کر لیا تھا اور آج دنیا بھر کے مسلمان ذلت و رسوائی کا شکار ہیں اور اس کی وجہ ایک ہی ہے کہ ہم مسلکی مولویوں کے کہنے پر فرقہ بندی کا شکار ہو چکے ہیں۔
ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں متحد رہنے کا درس دیا اور ہم آج اس درس کو بھول چکے ہیں، اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے منہ موڑ چکے ہیں، ہمیں تبھی تو آج مسلمانوں کو اسی جرم کی سزا مل رہی ہے، آج مسلمان جتنی مشکلات و مصائب میں گھرے ہوئے ہیں وہ اس لیے ہے کہ ہم نے دامنِ مصطفیٰ کو چھوڑا ہوا ہے۔ آج ہمیں ضرورت ہے تو صرف اس بات کی کہ ہم اپنے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے ناطہ جوڑ کر اسے مضبوطی سے پکڑیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہمیں جس نماز سے مدد حاصل کرنے کے لیے کہا آج ہم اسی نماز سے کوسوں دور ہو کر دنیا بھر کی رنگینیوں میں کھوئے ہوئے ہیں۔ یہ کتنی عجیب بات ہے کہ آج ہم مزاروں پر جا کر سجدے کرتے ہیں، پیروں کے قدموں میں سر جھکا دیتے ہیں لیکن جس خدا نے ہمیں پیدا کیا، ہمارے لیے دنیا کی تخلیق کی اور دنیا بھر کی نعمتوں سے ہمیں نوازا، آج ہم اس خدا کی بارگاہ میں سربسجود ہونے سے کتراتے ہیں، تبھی تو آج دشمنانِ اسلام ہماری مساجد کو ڈھا رہی ہے اور اس پر بلڈوزر چلا رہی ہے اور ہم ہاتھ باندھے کھڑے ہوئے صرف اپنی بربادی کا تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ ایک وقت تھا کہ دنیا کے امام ہم تھے اور ہم نے ہی دنیا کو جینے کا ڈھنگ سکھایا لیکن جب ہم ہی اپنا شرف کھو چکے ہیں تو ہماری زوال تو خود ایک امر ہے۔ بہرحال ہم دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ اگر ہم آج بھی قرآن مجید کی تعلیمات پر نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل پیرا پر ہو جائیں اور تحفہ میں ملی نماز کا پابند ہو جائیں، اسلام کے حقیقی و واقعی پیغام کو آج بھی اپنی زندگی کا مقصد بنا لیں تو دنیا کی امامت کا تاج پہن سکتے ہیں کیونکہ اس عظیم پیغام میں رہتی دنیا تک کے لیے کامیابی و کامرانی کی نوید ہے۔
