قومی خبریں

بنگال کی ووٹر لسٹ کا نیا شیڈول جاری ، حتمی فہرست 8 فروری کو

نئی دہلی،  (یو این آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مغربی بنگال میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی (ایس ایس آر) کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے حتمی فہرست 8 فروری 2027 کو شائع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن نے ان ووٹروں کے معاملات سے متعلق نئی ہدایات بھی جاری کی ہیں جن کے مقدمات عدالتی افسران یا اپیلٹ ٹریبونل کے سامنے زیر التوا ہیں یا جن پر فیصلہ ہوچکا ہے۔نئے شیڈول کے مطابق پولنگ مراکز کی ازسرنو ترتیب 3 دسمبر تک مکمل ہوگی، جبکہ نظرثانی شدہ ابتدائی ووٹر لسٹ 15 دسمبر کو شائع کی جائے گی۔ دعوے اور اعتراضات 14 جنوری 2027 تک داخل کیے جاسکیں گے اور ان کا تصفیہ یکم فروری تک مکمل کرنا ہوگا۔

کمیشن نے ووٹروں کے چار زمروں کے لیے طریقۂ کار واضح کیا ہے۔ جن کے نام عدالتی افسران کے حکم پر حذف ہوچکے ہیں اور انہوں نے اپیل نہیں کی، ان کے معاملے میں مزید کارروائی ضروری نہیں ہوگی۔ جن مقدمات میں عدالتی حکم جاری ہوچکا ہے، انہیں الیکٹرانک دستخط زیر التوا ہونے کے باوجود فیصلہ شدہ تصور کیا جائے گا۔ زیر التوا مقدمات متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن افسران کو بھیجے جاسکتے ہیں۔

جن ووٹروں نے نام حذف ہونے کے خلاف اپیلٹ ٹریبونل سے رجوع کیا ہے، ان کی اپیلوں کا فیصلہ ہونے تک فارم 6 کے ذریعے نام شامل کرنے کی درخواستوں پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔ ٹریبونل کے فیصلے آچکے ہوں تو ان کے مطابق ووٹر لسٹ میں ضروری تبدیلی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے پولنگ مراکز کی تبدیلی اور نئی ترتیب کی تجاویز کو بھی منظوری دے دی ہے اور سیاسی جماعتوں و ووٹروں کو اس بارے میں مطلع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اس کے علاوہ مغربی بنگال میں ایس آئی آر اپیلٹ ٹریبونلز میں خدمات انجام دینے والے ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اور سابق ججوں کے ماہانہ اعزازیے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اب سابق چیف جسٹس کو 2.60 لاکھ روپے اور سابق ہائی کورٹ ججوں کو 2.50 لاکھ روپے ماہانہ ملیں گے۔ یہ نئی شرحیں 20 نومبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔کمیشن نے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کو نئی شرحوں کا سرکاری گزٹ میں فوری نوٹیفکیشن جاری کرنے اور بقایاجات و دیگر منظور شدہ اخراجات کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔