کھیل کھلاڑی

ہندوستانی گیند بازوں نے نیوزی لینڈ کو 356 رن پر روکا

کرائسٹ چرچ، 28 نومبر (یو این آئی) آکاش دیپ (5 وکٹ)، انشول کمبوج اور گرنور برار (2، 2 وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو دوسرے سیشن میں نیوزی لینڈ کو کھانے کے وقفے کے بعد 356 رن کے اسکور پر روک دیا۔
آج یہاں صبح کے سیشن میں نیوزی لینڈ نے 5 وکٹ پر 246 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 84 رن جوڑے، جبکہ اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ نے 8 وکٹ پر 330 رن بنائے تھے۔ اس وقت ٹام بلنڈل (ناٹ آؤٹ 80) اور میٹ ہنری (ناٹ آؤٹ 5) کریز پر موجود تھے۔ کھانے کے وقفے سے پہلے آکاش دیپ نے نیتھن اسمتھ (26) اور کائل جیمیسن (19) کو آؤٹ کیا، جبکہ انشول کمبوج نے گلین فلپس (36) کا وکٹ حاصل کیا۔
کھانے کے وقفے کے بعد بلے بازی کے لیے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم 26 رن مزید جوڑ کر 356 رن کے اسکور پر سمٹ گئی۔ 116ویں اوور میں گرنور برار نے سنچری کی طرف بڑھ رہے ٹام بلنڈل کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو نویں کامیابی دلائی۔ بلنڈل نے 211 گیندوں میں 11 چوکے لگاتے ہوئے 89 رن بنائے۔ اس کے بعد 117ویں اوور میں آکاش دیپ نے میٹ ہنری (19 رن) کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کی اننگز کا 356 رن کے اسکور پر خاتمہ کردیا۔