آر ایس ایس کا ‘راشٹر وندنم’ پروگرام 29 نومبر کو
نئی دہلی، (یو این آئی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر دہلی پرانت کی جانب سے 29 نومبر کو روہنی سیکٹر 23 کے سمرستا استھل میں ‘راشٹر وندنم’ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس میں آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت خطاب کریں گے، جبکہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جگدیش سنگھ کھیہر مہمان خصوصی ہوں گے۔ پروگرام میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔
آر ایس ایس کے عہدیداروں نے جمعہ کو بتایا کہ پروگرام کا مقصد قومی اتحاد، سماجی ہم آہنگی، سودیشی، خود انحصاری، نظم و ضبط اور نشہ سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے لوگوں کو ترغیب دینا ہے۔ داخلہ صرف رجسٹریشن اور کیو آر کوڈ کی تصدیق کے بعد دیا جائے گا۔ اب تک 85 ہزار سے زائد رضاکاروں اور سماج کی 75 ہزار سے زیادہ ممتاز شخصیات نے رجسٹریشن کرایا ہے۔
پروگرام میں تقریباً 9 ہزار رضاکار اجتماعی جسمانی مشقوں کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ 800 بینڈ فنکار آر ایس ایس کا روایتی بینڈ پیش کریں گے۔ ہندوستانی ثقافت، وراثت اور قومی یکجہتی پر مبنی نمائش بھی لگائی جائے گی۔ منتظمین نے 12 مقامات پر پارکنگ، عارضی اسپتال اور ایمبولینسوں کا انتظام کیا ہے۔ پلاسٹک کی بوتلوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے تین کرشنگ پلانٹ بھی نصب کیے گئے ہیں اور ہر مہمان کو تلسی کے بیجوں والا سیڈ کارڈ دیا جائے گا۔پروگرام کے مقام کی سجاوٹ میں مقامی کاریگروں سے خریدی گئی روایتی اشیا، جیسے ٹاٹ، ٹوکریاں، چھاج، پرالی اور مٹی کے مٹکے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
