جیتن رام مانجھی کی پارٹی ‘ہم’ کی اترپردیش میں سرگرمیاں تیز
پریاگ راج، 28 نومبر (یو این آئی) اترپردیش کی سیاست میں 2027 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے ایک اور سیاسی جماعت نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہندوستانی عوام مورچہ یعنی ‘ہم’ نے اترپردیش میں اپنی سیاسی بنیاد مضبوط کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ پارٹی نے ریاست کی 125 اسمبلی نشستوں پر تنظیم کو مضبوط بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس کے لیے گاؤں گاؤں چوپال لگانے اور عوام سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
اترپردیش میں پارٹی کی ذمہ داری رگھو مشرا کو سونپی گئی ہے۔ پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر سنتوش کمار سمن اور سرپرست جیتن رام مانجھی بھی اترپردیش میں تنظیم کی توسیع کے لیے سرگرم کردار ادا کرنے کی بات کہہ چکے ہیں۔’ہم’ پارٹی کی توجہ غریبوں، محروم طبقات، مہادلتوں، کسانوں، نوجوانوں اور اعلیٰ ذات کے لوگوں سے متعلق مسائل پر ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ بہار کی سیاست میں اپنی شناخت رکھنے والی ‘ہم’ پارٹی اترپردیش میں اپنی تنظیم کو کس حد تک مضبوط بنا پاتی ہے اور 2027 کے اسمبلی انتخابات میں اس کا کیا کردار ہوگا، اس کا پتہ اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ہی چل سکے گا۔
