ریاستی خبریں

قیام کے تین سال بعد بھی اڑیا یونیورسٹی میں ایک بھی مستقل تدریسی یا غیر تدریسی ملازم نہیں

بھوبنیشور، 28 نومبر (یواین آئی) اڑیا زبان، ادب اور ثقافت کے مطالعے، تحقیق اور تحفظ کو فروغ دینے کے مقصد سے قائم کی گئی اڑیا یونیورسٹی اپنی تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے کے تقریباً تین سال بعد بھی ایک بھی مستقل استاد یا غیر تدریسی ملازم کے بغیر چل رہی ہے۔یہ حیران کن صورت حال جمعہ کے روز اڈیشہ اسمبلی میں اس وقت سامنے آئی، جب اعلیٰ تعلیم کے وزیر سوریہ ونشی سورج نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی اوم پرکاش مشرا کے ایک سوال کے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ جون 2024 سے ان عہدوں پر کوئی مستقل تقرری نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تدریسی اور غیر تدریسی دونوں زمروں کے عہدوں پر بھرتی کا عمل فی الحال جاری ہے۔
یونیورسٹی کے تین شعبوں میں تدریسی عملے کے لیے منظور شدہ عہدوں میں تین پروفیسر، چھ ایسوسی ایٹ پروفیسر اور 12 اسسٹنٹ پروفیسر شامل ہیں۔ اسی طرح غیر تدریسی عملے کے خالی عہدوں میں دو سیکشن آفیسر، چار سینئر اسسٹنٹ، چھ جونیئر اسسٹنٹ، ایک اسسٹنٹ لائبریرین اور ایک سینئر لائبریرین کا عہدہ شامل ہے۔ ریاستی سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) نے غیر تدریسی عہدوں پر بھرتی کے لیے اشتہار بھی جاری کردیا ہے۔
اڑیا یونیورسٹی ایکٹ 2017 کے تحت قائم اس یونیورسٹی نے 5 ستمبر 2023 کو پوری ضلع کے ساکشی گوپال میں واقع پنتھ نواس میں اپنا پہلا تعلیمی سیشن شروع کیا تھا۔ اس کے مستقل کیمپس کا افتتاح 24 جنوری 2024 کو ضلع پوری کے ستیہ وادی میں کیا گیا تھا۔ اب یونیورسٹی کی تمام تعلیمی سرگرمیاں اسی مستقل کیمپس سے چلائی جارہی ہیں۔فی الحال یونیورسٹی میں اڑیا زبان و ادب، علاقائی و قبائلی زبانوں اور ورثے کے مطالعات، نیز لسانیات اور قدرتی زبان کی پروسیسنگ (نیچرل لینگویج پروسیسنگ) کے شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ (پی جی) کورسز چلائے جارہے ہیں۔یونیورسٹی کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تحقیقی سرگرمیوں، لائبریری کے لیے کتابوں کی خریداری، اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی سہولتوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سرکاری فنڈ فراہم کیے جانے کے باوجود اب تک کوئی علیحدہ تحقیقی یا فیلوشپ پروگرام شروع نہیں کیا گیا ہے۔