Featured

حدبندی بل منظور کرانے کے معاملے پرحکمراں جماعت پُراعتماد، انڈیا اتحاد مخالفت پر قائم

لوک سبھا میں حدبندی بل پر پیر اور منگل کو جبکہ راجیہ سبھا میں بدھ اور جمعرات کو بحث ہوگی

نئی دہلی، 28 نومبر (یواین آئی) لوک سبھا کا اجلاس پیر سے شروع ہونے کے ساتھ ہی خواتین کے ریزرویشن سے متعلق حدبندی بل پر حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رسہ کشی عروج پر پہنچنے کا امکان ہے۔ ایک طرف حکمراں جماعت اس بل کو منظور کرانے کے لیے پُراعتماد ہے، وہیں انڈیا اتحاد کی قیادت میں اپوزیشن جماعتیں اپنی سابقہ یکجہتی برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کرتی نظر آ رہی ہیں۔لوک سبھا میں حدبندی بل پر پیر اور منگل کو جبکہ راجیہ سبھا میں بدھ اور جمعرات کو بحث ہوگی۔ تمام جماعتوں نے اپنے ارکان کو ایوان میں لازمی طور پر موجود رہنے کے لیے وہپ جاری کر دیے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بلوں کی منظوری کے حوالے سے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی شراکت داری بڑھانے کی جدوجہد کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک کی 100 فیصد ناری شکتی کی دعائیں حکومت کے ساتھ ہیں اور حکومت پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کی شراکت داری بڑھانے کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرے گی۔اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد نے حدبندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی متحد ہو کر سخت مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی ہفتہ کو یہاں ہوئی میٹنگ میں حکومت کے مجوزہ حدبندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی متحدہ طور پر ڈٹ کر مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے تمام اتحادیوں کے متحد رہنے اور انڈیا بلاک کے اہم جزو رہے دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے) اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کے بدلے ہوئے موقف کو دیکھتے ہوئے حکومت اس بار بلوں کی منظوری کے معاملے پر پُراعتماد ہے۔ لوک سبھا میں 22 ارکان والی ڈی ایم کے نے بلوں کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جبکہ این سی پی (ایس پی) نے شرائط کی بنیاد پر حمایت کی بات کہی ہے۔ ان دونوں جماعتوں نے آج ہونے والی انڈیا اتحاد کی میٹنگ سے بھی دوری بنائے رکھی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کی بھارت راشٹر سمیتی نے بھی کہا ہے کہ اگر جنوبی ریاستوں کی نمائندگی میں کمی نہیں ہوتی ہے تو اسے اس بل کی حمایت کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہے۔ پارٹی کی لوک سبھا میں کوئی نمائندگی نہیں ہے، لیکن راجیہ سبھا میں اس کے تین ارکان ہیں۔ لوک سبھا میں چار ارکان والی وائی ایس آر کانگریس نے بھی بل کی حمایت کی بات کہی ہے۔انڈیا اتحاد کا کہنا ہے کہ خواتین کا ریزرویشن فوری طور پر موجودہ لوک سبھا کی نشستوں کی بنیاد پر ہی نافذ کیا جائے اور حدبندی کے نام پر ریاستوں کے درمیان نمائندگی کا توازن تبدیل نہ کیا جائے۔ اس کا کہنا ہے کہ لوک سبھا کی نشستیں بڑھانے کی تجویز میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے لیے ریزرویشن اور ان کی سیاسی نمائندگی کے حوالے سے بل میں کوئی واضح التزام نہیں کیا گیا ہے۔ مجوزہ نظام میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی سیاسی نمائندگی سے متعلق آئینی دفعات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اتحاد کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 330 کے تحت محفوظ نشستوں اور آبادی کے تناسب سے متعلق سوالات پر بھی سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اتحاد نے کہا ہے کہ حدبندی کی بنیاد نئی مردم شماری کے اعداد و شمار ہونے چاہئیں۔ اتحاد کے رہنماؤں نے حدبندی بل کی پہلے کی طرح مخالفت کرنے اور خواتین کو موجودہ لوک سبھا کی نشستوں کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کے اپنے پرانے مطالبے پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میٹنگ کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اپوزیشن خواتین کے ریزرویشن کے حق میں ہے، لیکن اس کے لیے حدبندی اور لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں تبدیلی ضروری نہیں ہے۔ آئینی ترمیمی بل ہونے کے باعث اسے منظور کرانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے۔لوک سبھا میں فی الحال 540 ارکان ہیں اور تین نشستیں خالی ہیں۔ ان میں سے تقریباً 300 ارکان این ڈی اے اور 180 ارکان انڈیا اتحاد سے تعلق رکھتے ہیں۔ سات آزاد ارکان سمیت تقریباً 60 ارکان ایسی جماعتوں سے ہیں جو دونوں اتحادوں سے باہر ہیں۔ لوک سبھا میں ڈی ایم کے کے 22، این سی پی (ایس پی) کے آٹھ، وائی ایس آر سی پی کے چار ارکان اور بعض دیگر کی حمایت کے ساتھ حکومت کو 351 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔اگر لوک سبھا کے تمام 540 ارکان ایوان میں موجود رہتے ہیں اور ووٹنگ میں حصہ لیتے ہیں تو بل منظور کرانے کے لیے حکومت کو 360 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔سماجوادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، بائیں بازو کی جماعتوں، ترنمول کانگریس اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے علاوہ انڈیا اتحاد میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور انڈین یونین مسلم لیگ جیسی چھوٹی جماعتیں بھی شامل ہیں۔ عام آدمی پارٹی انڈیا اتحاد کا حصہ نہیں ہے، لیکن وہ بل کی مخالفت کر رہی ہے۔حکومت نے گزشتہ اپریل میں بھی حدبندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش کیا تھا، لیکن اپوزیشن کی متحدہ مخالفت کے باعث ووٹنگ میں یہ بل منظور نہیں ہو سکا تھا۔حدبندی اور آئینی ترمیم کی تجاویز میں لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 اور اسمبلیوں کی نشستیں 650 تک کرنے کے ساتھ خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے سے متعلق دفعات شامل ہیں۔