ادبی سرگرمیاں

پروفیسر ایس ایم عزیز الدین حسین کی کتاب ’’صوفیاء کرام اور ہندوستان میں خواتین کی تعلیم کا فروغ‘‘ کا رسمِ اجراء

سرائے میر، اعظم گڑھ (نامہ نگار): جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے شعبۂ تاریخ کے سابق استاد و صدر پروفیسر ایس ایم عزیز الدین حسین کی تازہ انگریزی تصنیف “Sufis and the Promotion of Female Education in India” کا رسمِ اجراء گزشتہ روز بعد نمازِ مغرب زہرہ میٹرنٹی ہوم (کھریواں موڑ، سرائے میر) کے ہال میں منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت شبلی نیشنل کالج، اعظم گڑھ کے شعبۂ تاریخ کے پروفیسر اور مدرسہ الاصلاح کے نائب ناظم ڈاکٹر علاء الدین خان نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ممتاز احمد قریشی نے انجام دیے۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ ناظمِ اجلاس ممتاز احمد قریشی نے مہمانِ خصوصی پروفیسر ایس ایم عزیز الدین حسین کا خیرمقدم کرتے ہوئے سامعین کو ان کے علمی سفر اور تحقیقی خدمات سے روشناس کرایا۔ واضح رہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ پروفیسر عزیز الدین حسین صوفیاء کرام کی تاریخ اور ان کی علمی و سماجی خدمات کے معتبر محقق ہیں اور ان دنوں اپنی تحقیقات کے سلسلے میں دارالمصنفین، اعظم گڑھ میں مقیم ہیں۔ اس موقع پر صاحبِ کتاب پروفیسر ایس ایم عزیز الدین حسین نے سرائے میر کی تاریخی و علمی روایت اور میر علی عاشقان و میر علی مہدی کی نسبت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کتاب کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے بتایا کہ ہندوستان میں صوفیاء کرام پر بہت کچھ لکھا گیا ہے، لیکن خواتین کی تعلیم و تربیت میں ان کے کردار کو نظرانداز کیا گیا۔ شیخ محی الدین ابن عربی اور ہندوستانی صوفی روایت کے حوالے سے انھوں نے واضح کیا کہ خانقاہوں میں مردوں کے ساتھ خواتین کی تعلیم و روحانی تربیت کا باقاعدہ اہتمام ہوتا تھا اور صوفی سلسلے میں خواتین خلفاء کی روشن مثالیں بھی موجود ہیں۔ انھوں نے ملک میں موجود نادر اسلامی مخطوطات اور علمی ذخائر کی بازیافت و اشاعت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدرِ مجلس ڈاکٹر علاء الدین خان صاحب نے کتاب کی تحقیقی و تاریخی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصنیف ثابت کرتی ہے کہ ہندوستان میں خواتین کی تعلیم کی جڑیں محض جدید اصلاحی تحریکوں تک محدود نہیں، بلکہ اس کی بنیادیں قدیم صوفی روایت میں پیوست ہیں۔ انھوں نے دکن کی صوفی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں خواتین کو خلافت اور سجادہ نشینی جیسے مناصب بھی تفویض کیے گئے۔ ڈاکٹر علاء الدین خان نے کتاب کے تحقیقی معیار کو سراہتے ہوئے نشان دہی کی کہ محض 76 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں دکن کے صوفیاء کی جانب سے خواتین کی رہنمائی کے لیے لکھی گئی 129 کتابوں کا تذکرہ اور 563 مراجع و مصادر شامل کیے گئے ہیں، جو مصنف کی غیر معمولی محنت اور موضوع پر گہری گرفت کا بین ثبوت ہے۔ آخر میں انھوں نے مصنف کو مبارک باد پیش کی اور معاونین و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ذیشان علیگ، ڈاکٹر شفیق اعظمی، ڈاکٹر وسیم اعظمی، ڈاکٹر وسیم احمد اصلاحی، ڈاکٹر فہد اعظمی، صحافی محمد عامر اصلاحی، نیر عالم اصلاحی، ایڈوکیٹ شمس وقمر، اختر عالم اصلاحی، بلال ارشد اعظمی، کلیم احمد جامعی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فارغین سمیت کثیر تعداد میں علمی و سماجی شخصیات شریک رہیں۔ ناظمِ مجلس کے اظہارِ تشکر اور اختر عالم اصلاحی کی دعا پر یہ علمی نشست اختتام پذیر ہوئی۔