جھارکھنڈ میں اندوہناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد ہلاک
وزیر اعظم نے فی کس 2 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بھی اظہارِ تعزیت کیا
رانچی، 29 نومبر (یو این آئی) جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع کے کُوجو او پی علاقے میں قومی شاہراہ 33 کے رانچی-پٹنہ مرکزی راستے پر گزشتہ دیر رات پیش آئے سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔یہ حادثہ پینکی گاؤں کے قریب پیش آیا۔ جان گنوانے والوں میں 5 مرد، 4 خواتین اور 4 معصوم بچے شامل ہیں۔ ایک مسافر کی حالت اب بھی تشویش ناک بنی ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ایک اسکارپیو گاڑی بہار کے نالندہ ضلع کے جنگھرو گاؤں کے 14 افراد کو لے کر رام گڑھ ضلع کے رجراپا مندر جارہی تھی۔ اسی دوران رام گڑھ کے پینکی کے قریب اسکارپیو کی ایک نامعلوم گاڑی سے ٹکر ہوگئی۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ موقع پر چیخ و پکار اور افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملنے پر کُوجو پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور راحت و بچاؤ کا کام کرتے ہوئے زخمیوں کو رام گڑھ صدر اسپتال پہنچایا گیا۔ یہاں ڈاکٹروں نے 13 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے، جبکہ ایک شخص کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملنے پر رام گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ ریتوراج، پولیس سپرنٹنڈنٹ مکیش کمار لونایت، ایس ڈی پی او آلوک رنجن سمیت انتظامیہ اور پولیس کے کئی افسران جائے حادثہ پر پہنچے۔ افسران نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور راحت و بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جھارکھنڈ کے سڑک حادثے میں جان گنوانے والے 13 افراد میں سے ہر ایک کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 50000 روپے دیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہاکہ ”جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں پیش آئے افسوس ناک حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ غم کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوں۔ جان گنوانے والے ہر شخص کے اہل خانہ کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ زخمیوں کو 50000 روپے دیے جائیں گے۔”
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رام گڑھ میں پینکی گاؤں کے قریب قومی شاہراہ 33 پر پیش آئے سڑک حادثے میں 13 افراد کی موت کی خبر انتہائی افسوس ناک اور دل دہلانے والی ہے۔ اس حادثے میں اپنی جان گنوانے والے تمام افراد کے تئیں میری گہری تعزیت ہے۔ مارانگ بُرو مہلوکین کی روحوں کو سکون عطا کرے اور غم زدہ اہل خانہ کو اس دکھ کی گھڑی کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔ حادثے میں زخمی شخص کا مناسب علاج کرایا جا رہا ہے۔
