جعفرآباد جیکٹ مارکیٹ سج سنور تو گئی لیکن صارفین کی رفتار سست
نئی دہلی،28نومبر،سماج نیوز:جعفرآباد کی مشہور و معروف جیکٹ مارکیٹ ان دنوں پوری طرح سے سج سنور گئی ہے۔حالانکہ صارفین کم کم آرہے ہیں۔جس کی وجہ سے دکانداروں کے چہروں پر بہت زیادہ رونق نہیں ہے۔یاد رہے اس جیکٹ مارکیٹ کاشمارہندوستان کی سب سے بڑی مارکیٹ میں کیا جاتاہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں پر بڑی تعداد میں ہول سیلر خرید فروخت کے لیے آتے ہیں۔ جعفرآباد مارکیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی ارشد کا دعویٰ ہے کہ شاید ہی بھارت کا کوئی شہر یا کونا ایسا ہو جہاں پر خرید فروخت کے لیے جعفرآباد کی اس مارکیٹ سے جیکٹ نہ جاتی ہو۔ انھوں نے کہا حالانکہ اس مرتبہ سردی نہ ہونے یا کم ہونے کی وجہ سے جو ہول سیلر ایک مرتبہ جیکٹ خرید کرلے گیا ہے اس نے ابھی دوبارہ مارکیٹ کا رخ نہیں کیا ہے۔ جس کی وجہ سے یہاں کے دکانداروں میں ہلکی سی مایوسی نظر آرہی ہے۔ حالانکہ کاروبار پہلے کی طرح اچھا ہے۔ حاجی ارشد نے بتایا کہ گذشتہ دس بارہ دن سے کاروبار میں تیزی تو آئی ہے لیکن وہ پہلے والی بات نہیں ہے۔ شاید لوگوں کے پاس پیسے کی کمی ہے اور جو تھوک کا کاروبار کرنے والے ہیں وہ پیسہ لگانے میں ہچکچا رہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف دکانداروں بلکہ کارخانداروں پر بھی اس کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دوسری ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ نومبر ختم ہونے والاہے اور کہیں بھی کسی بھی ریاست یا شہر سے برف یا زیادہ سردی پڑنے کی خبریں نہیں مل رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے جیکٹ کی خرید و فروخت متاثر ہو رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کاروبار میں نرمی کی وجہ سے کچھ کارخانے تو بند بھی ہو گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں حاجی ارشد نے بتایا کہ ہماری اس مارکیٹ میں آپ کو جیکٹ تقریباً 200 سے لے کر 2000 روپے تک کی مل سکتی ہے۔ حالانکہ کچھ دکانیں لیدر جیکٹ کی بھی ہیں۔ مگر وہ دکاندار ہول سیل میں نہیں بیچتے ہیں رٹیل میں ضرور تین سے پانچ ہزار روپے کی مل سکتی ہے۔ لیدر کی شاپ پر آپ کو اوریجنل لیدر بھی مل سکتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ گذشتہ سال کے مقابلے اس مرتبہ کسٹمر میں تقریباً 30فیصدی کمی دیکھنے کو مل رہی ہے اور شاید اس کی وجہ موسم ہے۔ان کا کہنا ہے کہ فصل تو موسم کے مطابق ہی ہوتی ہے، جعفرآباد میں اس وقت تقریباً جیکٹ کی ہول سیل کرنے والی دکانوں کی تعداد 350 تک پہنچ گئی ہے۔ دہلی کی سطح پر جو خریداری ہوتی ہے وہ ابھی شروع نہیں ہوئی ہے۔جہاں دوسرے شہروں میں دس پیٹیاں جاتی تھیں وہاں اب تین پیٹیوں کی بکنگ ہو رہی ہے اور تین پیٹی والے ایک پیٹی سے کام چلا رہے ہیں۔ حالانکہ آر کے ٹریڈنگ کمپنی اور سابق مارکیٹ صدر حاجی امان اللہ نے بتایا کہ گذشتہ آٹھ دس دن سے کام بہتر ہوا ہے۔ اللہ کا شکر ہے، انھوں نے کہاکہ ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ہمارے علاقہ کے کچھ لوگوں نے مرادآباد، سہارنپور اور سنبھل، نوگانواں میں بھی اس کام کی شروعات کر دی ہے۔ حالانکہ اس کا معمولی اثر ہونا چاہئے۔بڑے ہول سیلر تو آج بھی جعفرآباد مارکیٹ کا ہی رخ کرتےہیں اور خریدنے والے بھی بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں۔ انھوں نے کہا اس مارکیٹ میں ایک بڑا بدلائو یہ دیکھنے کو ملا ہے اب کارخاندار خود ہی مینوفیکچرر بن گیا ہے۔ یہ اچھی بات ہے مارکیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا میں اتنا ضرور مانتا ہوں کہ جن لوگوں کا جیکٹ مارکیٹ سے سیدھے طور پر کوئی تعلق نہیں ہے ان دنوں ان کے یہاں بھی رونق ہے۔ جیسے چائے کھانے کے ہوٹل، مکان مالک، دکان مالک، کرایہ دار، جی ایس ٹی، ٹیکس ان تمام چیزوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور اس سے روزگار کے مواقع بھی بڑھ رہے ہیں۔ البتہ پہلے جو دکاندار مان لیجئے ایک لاکھ پیس فروخت کرتا تھا ،اس میں تھوڑی سی کمی آئی ہے۔گراہک تقسیم ہوا ہے تو وہیں گراہکوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔کل ملا کر مقامی لوگوں کا اس مارکیٹ سے کافی فائدہ پہنچ رہا ہے۔الحرم گارمینٹس کے محمد پرویز نے بتایا کاروبار ڈائون ہے کیونکہ سردی نہیں ہے۔ختم ہوتے نومبر میں بھی پنکھے چل رہے ہیں اور دسمبر سےرٹیل کی خریداری شروع ہوجاتی ہے۔ ہول سیل کا کاروبار تقریباً ختم ہوجاتاہے۔ جبکہ جنوری میں بڑے بڑے آئوٹ لیٹ میں ڈسکائونٹ بھی شروع ہوجاتی ہے۔ باہر سے گراہک کم آرہے ہیں۔ کیونکہ دوسری ریاستوں میں بھی زیادہ سردی کی اطلاع نہیں ہے۔ جبکہ گل موہر کے محمد شعیب نے بتایا کہ ابھی کام کی پوزیشن زیادہ بہتر نہیں ہے کیونکہ موسم نہیں بناہے۔ ایک مرتبہ جو ہول سیلر مال لے گیا ہے وہ دوبارہ نہیں آسکا ہے اور سردی کا وقت نکلتا جا رہاہے۔ وقت نکل جائے گا تو کسٹمر کے ساتھ دکاندار بھی اگلے سال کے لیے چھوڑ دے گا۔دکاندار ان حالات میں ری اسٹاک نہیں کر پاتا۔ اسی طریقے سے ہمارا مٹیریل اور کارخانداروں کا بھی حال ہے۔ دکاندار کا مال فروخت نہیں گا تو وہ کچا مٹیریل یا کارخانے کا رخ نہیں کرے گا۔ اس لیے ایک دوسرے سے سب چین کی شکل میں کام کرتے ہیں۔آخر کے دنوں میں بڑا اسٹاک کوئی بھی نہیں کرتا ہے۔حالانکہ ان سب دعووں کے باوجود کچھ دکانداروں کا نام نہ شائع کرنے کی شرط پر کہنا ہے کہ سردی کے ہونے یا ہونے سے بہت زیادہ فرق نہیں پڑتا ہے۔ کیونکہ سردی تو اپنے وقت پر ہی ہوتی ہے۔ کچھ دکاندار چاہتے ہیں سردی اگست سے ہی شروع ہوجائے تاکہ ان کے کاروبار اور بہتر ہو۔ لیکن ہر چیز کا وقت مقرر ہے اور ہمیشہ زیادہ تر دسمبر کے شروع سے جنوری تک دہلی میں عام طور پر سردی دیکھی جاتی ہے۔ آر کے فیشن کلب کے رضوان خان اور ریحان خان نے بتایا کہ کاروبار تھوڑا سا سست ہے۔ لیکن امید ہے کہ آئندہ دنوں میں کاروبار اپنی رفتار پکڑے گا۔بس ایک برف گرنے یا شدید سردی کا انتظار ہے۔ ہاں اتنا ضرور ہے کہ اگر سردی دیر سے آتی ہے تو اس سے بڑے بڑے دکانداروں پر فرق پڑتا ہے۔ کیونکہ صارفین اگلے سال کے لیے اس سال خریداری نہیں کرتا۔ اور وہ کچھ دن پرانی جیکٹ سے نکالنا چاہتا ہے۔ ایس ایف کے کلکشن کے مالک ثنااللہ خان نے کہا کہ عام طور پر دہلی میں سردی دسمبر میں ہی دستک دیتی ہے۔ حالانکہ ابھی کشمیر وغیرہ میں برف کے گرنے کی خبریں موصول نہیں ہوئی ہیں۔ جس کی وجہ سے تبتی اور دوسرے بڑے کام کرنے والے لوگ زیادہ اسٹاک نہیں کر رہے ہیں۔
