آلودگی کنٹرول بورڈ سخت – دہلی-این سی آر میں اے پی سی ڈی کے بغیر چلنے والی صنعتی اکائیاں بند ہونگی
نئی دہلی:مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) نے دہلی-این سی آر میں آلودگی پھیلانے والی صنعتی اکائیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ بورڈ نے دہلی-این سی آر کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ’ایئر پولیوشن کنٹرول ڈیوائس‘ (اے پی سی ڈی) لگانے یا انہیں اپ گریڈ کرنے میں لاپروائی برتنے والی صنعتی اکائیوں کو فوری طور پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کریں۔ ایئر پریوینشن اینڈ کنٹرول آف پولوشن ایکٹ، 1981 کی دفعہ 18(1) (بی) کے تحت جمعہ کے روز جاری کردہ ہدایت میں سی پی سی بی نے دہلی پولیوشن کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) اور ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کے ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ سے کہا ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتی اکائیوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے متعلقہ افسران سے ان صنعتی اکائیوں کی مکمل فہرست (یونٹ کے لحاظ سے) فراہم کرنے کو بھی کہا ہے، جو قوانین پر عمل نہیں کر رہی ہیں۔
ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈوں اور ڈی پی سی سی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن (سی اے کیو ایم) کی ہدایت نمبر 98 کی شق 21 (آئی) کے دائرے میں آنے والی ان تمام صنعتی اکائیوں کو فوری طور پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کریں، جنہوں نے پولیوشن کنٹرول ڈیوائس نصب کرنے یا اسے اپ گریڈ کرنے کے لیے ورک آرڈر جاری نہیں کیے ہیں اور جو ’ایڈیکویسی اسیسمنٹ رپورٹ ‘یا ایگزمپشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں بھی ناکام رہی ہیں۔ بورڈوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اگر ایسی صنعتی اکائیاں 5 دنوں کے اندر ورک آرڈر جاری کرنے کا تسلی بخش ثبوت یا کوئی مستند ایگزمپشن سرٹیفکیٹ یا ’ایڈیکویسی اسیسمنٹ رپورٹ ‘ پیش کرنے میں ناکام رہتی ہیں تو ان کے خلاف کاروبار بند کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
