یوم پیدائش کے موقع پر سردار پٹیل کو صدر جمہوریہ، نائب صدر اوروزیر داخلہ کا خراج عقیدت
نئی دہلی (یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیر داخلہ امت شاہ اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مجسمے پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔محترمہ مرمو اور مسٹر رادھا کرشنن سمیت تمام معزز شخصیات نے ہفتہ کی صبح سویرے پٹیل چوک پر واقع مرد آہن سردار پٹیل کے مجسمے پر پھول چڑھائے۔ نئی دہلی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ بانسری سوراج نے بھی سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محترمہ مرمو نے اپنے پیغام میں کہا، ”مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں یوم پیدائش پر میں انہیں عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ تحریک آزادی کے صف اول کے رہنما اور جدید ہندوستان کے اہم معمار کی حیثیت سے ان کا تعاون ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے ملک کے اتحاد اور ایک مضبوط انتظامی نظام کی تشکیل میں تاریخی کردار ادا کیا۔ ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے احترام میں ہم ان کی یوم پیدائش کو قومی یومِ اتحاد کے طور پر مناتے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ان کی زندگی اور اصولوں سے ترغیب حاصل کرکے تمام ہم وطن ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے عزم کے ساتھ کام کریں۔”اس کے بعد مسٹر شاہ نے میجر دھیان چند اسٹیڈیم سے یونٹی رن کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
آج پورے ملک میں سردار پٹیل کی 151ویں یوم پیدائش منائی جا رہی ہے۔ اس دن کو قومی یومِ اتحاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی قومی یومِ اتحاد کے موقع پر آج شام گجرات کے ایکتا نگر میں واقع اسٹیچو آف یونٹی پر منعقد ہونے والے شاندار پروگرام میں شرکت کریں گے۔
