Featured

اندرا گاندھی کی برسی  پر’شکتی استھل‘ پہنچ کر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگےکا خراجِ عقیدت

نئی دہلی:سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی  پر آج کانگریس رہنماؤں نےنئی دہلی کے ’شکتی استھل‘ پہنچ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پارلیمانی پارٹی کی چیئر پرسن سونیا گاندھی، قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اندرا گاندھی کی آخری آرام گاہ پر گلہائے عقیدت نذر کیے اور ان کی خدمات کو یاد کیا۔ کانگریس پارٹی کے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر تینوں لیڈران کی تصاویر کے ساتھ الگ الگ پیغامات جاری کیے گئے۔

پارٹی نے ملکارجن کھڑگے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی پر انہیں پھولوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے والی اندرا گاندھی کو سلام۔‘‘ سونیا گاندھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ لکھا کہ ’’کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ’آئرن لیڈی‘ اندرا گاندھی کو آج پورا ملک یاد کر رہا ہے۔ انہیں عقیدت بھرا سلام۔‘‘ راہل گاندھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی پر انہیں پُرخلوص خراجِ عقیدت پیش کیا۔ طاقت، عزم اور مضبوط قیادت کی مثال رہیں اندرا گاندھی جی کو سلام۔‘