آئی ایس ایس ایف عالمی چیمپئن شپ میں منو بھاکر ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گی
دوحہ (قطر)(یواین آئی) دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی منو بھاکر اتوار سے یہاں شروع ہونے والی آئی ایس ایس ایف عالمی چیمپئن شپ 2026 میں 54 رکنی ہندوستانی نشانے بازی ٹیم کی قیادت کریں گی۔اس سال کی عالمی نشانے بازی چیمپئن شپ میں رائفل، پستول اور شاٹ گن کے مقابلے شامل ہیں۔ یہ لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے لیے نشانے بازی میں کوالیفائی کرنے کا بھی اہم موقع ہے۔ دوحہ میں لاس اینجلس 2028 کے لیے مجموعی طور پر 36 اولمپک کوٹا مقامات داؤ پر ہوں گے۔ اولمپک کی 12 انفرادی نشانے بازی مقابلوں میں سے ہر ایک میں تین، تین کوٹا مقامات دستیاب ہوں گے۔ لاس اینجلس 2028 اولمپک سائیکل میں نشانے بازی کے لیے یہ کوالیفائی کرنے کا سب سے بڑا موقع ہے۔
ہندوستان نے اولمپک اور غیر اولمپک مقابلوں کے لیے مجموعی طور پر 54 نشانے باز میدان میں اتارے ہیں، جن میں سے 35 کھلاڑی اولمپک کے تمام12 انفرادی مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ منو بھاکر خواتین کے 10 میٹر ایئر پستول اور 25 میٹر پستول، دونوں مقابلوں میں شرکت کریں گی۔
