انڈیا انٹرنیشنل چیلنج بیڈمنٹن: ستیش کروناکرن، سائی پرتیک-روبن کمار نے خطاب جیتا
بنگلورو (یواین آئی) ہندوستانی شٹلرز ستیش کروناکرن اور سائی پرتیک کے-روبن کمار نے اتوار کو ‘انڈیا انٹرنیشنل چیلنج بیڈمنٹن 2026’ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے زمرے کے خطاب جیت لیے۔ ٹورنامنٹ کے پانچ میں سے دو خطاب ہندوستانی کھلاڑیوں نے اپنے نام کیے۔مردوں کے سنگلز فائنل میں ستیش کروناکرن نے ہم وطن کے تانکارا گیان دت تلاسِلا کو 21-9، 23-21 سے شکست دے کر خطاب جیتا۔ ستیش نے پہلے دو راؤنڈ میں سرویش مہیش یادو اور دوسری سیڈ جِن پال سونا کو سیدھے گیمز میں شکست دی۔ اس کے بعد پری کوارٹر فائنل میں آٹھویں سیڈ بھارت راگھو کے خلاف ایک گیم سے پیچھے رہنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور پھر لوکیش ریڈی کلاگوٹلا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
سیمی فائنل میں ستیش نے تیسری سیڈ متھن منجوناتھ کو 21-17، 20-22، 22-20 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ یہ رواں سال ستیش کا دوسرا بی ڈبلیو ایف انٹرنیشنل چیلنج خطاب ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سلووینیا اوپن جیتا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2023 اور 2024 میں بالترتیب اڈیشہ اور گوہاٹی میں دو بی ڈبلیو ایف سپر 100 خطاب بھی جیتے ہیں۔
مردوں کے ڈبلز میں پانچویں سیڈ ہندوستانی جوڑی سائی پرتیک کے. اور روبن کمار ریتھنساپتی نے ملائیشیا کے لاؤ یی شینگ اور لی یی بو کی جوڑی کو 31 منٹ میں 21-15، 21-19 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔تاہم، ٹورنامنٹ کے آخری دن ہندوستانی کھلاڑیوں کو تین فائنلز میں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ خواتین کے سنگلز فائنل میں ڈِیانکا والڈیا کو تھائی لینڈ کی چوتھی سیڈ یاتاویمن کیتکلیئنگ نے 21-11، 21-10 سے ہرایا۔ خواتین کے ڈبلز میں تیسری سیڈ اشونی بھٹ کے. اور شکھا گوتم کو جاپان کی پانچویں سیڈ جوڑی میئی سودو اور مائی تانابے نے 21-13، 13-21، 21-19 سے شکست دی، جبکہ ہندوستان کے سی. لالرامسانگا اور اینجل پونیرہ کو مکسڈ ڈبلز فائنل میں روس کے روڈیون علیموف اور ایلینا ڈیولیٹووا نے 21-12، 21-14 سے ہرایا۔
