کھیل کھلاڑی

اسپینش فٹبالر جیسس ڈی میگوئل کا میچ کے دوران زخمی ہونے کے بعد انتقال

ٹینیریفے (یواین آئی): اسپین کے فٹبال کلب ٹینیریفے کے 30 سالہ فارورڈ جیسس ڈی میگوئل میچ کے دوران شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کرگئے۔جیسس ڈی میگوئل پیر کو ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن میں ایف سی اینڈورا کے خلاف میچ کے دوران حریف گول کیپر جیسس اوونو سے خوفناک انداز میں ٹکرا گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کے سر اور سینے پر شدید چوٹیں آئیں۔ اس وقت مقابلہ 2-2 سے برابر تھا۔طبی عملے نے فوری طور پر انہیں ابتدائی طبی امداد دی اور ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ ہسپانوی میڈیا کے مطابق اسپتال لے جاتے ہوئے انہیں دل کا دورہ پڑا، تاہم پیرامیڈیکس نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ان کی جان بچانے کی کوشش کی۔

کلب کے مطابق پیر کی رات ان کی حالت مستحکم مگر تشویشناک تھی، تاہم منگل کی صبح ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے وہ انتقال کرگئے۔ اینڈورا کلب اور سابق بارسلونا ڈیفنڈر جیرارڈ پیکے سمیت متعدد شخصیات نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ڈی میگوئل نے ٹینیریفے کی جانب سے 29 میچز میں 11 گول کیے تھے۔ وہ ایک کم عمر بیٹی کے والد بھی تھے۔