Featured

بنگلہ دیش کے حالات پر مسلسل نظر، ہندوستان مثبت اور تعمیری تعلقات کا خواہاں: وزارت خارجہ

ئی دہلی، 03 نومبر (یواین آئی) ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات استوار کرنے کی سمت میں کام کرنے کا خواہاں ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے منگل کے روز یہاں میڈیا بریفنگ کے دوران بنگلہ دیش کے حالات اور ہندوستان-بنگلہ دیش تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں یہ بات کہی۔ بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے اب تک ہندوستان کا دورہ نہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے انہیں پہلے ہی دعوت دی جا چکی ہے۔

بنگلہ دیش کے حالیہ حالات کے بارے میں مسٹر جیسوال نے کہا، ”وہاں مختلف واقعات پیش آئے ہیں اور ہم بنگلہ دیش کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جہاں تک ہندوستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کا سوال ہے، ہم مثبت، دور اندیش اور تعمیری تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔”بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان کے ہندوستان دورے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا، ”ہم نے وہاں کے وزیر اعظم کو ہندوستان آنے کی دعوت پہلے ہی دے دی ہے۔ اس سلسلے میں کوئی نئی اطلاع ہوگی تو میں آپ کے ساتھ ضرور شیئر کروں گا۔”

بنگلہ دیش کے ساتھ اس سال کے اواخر میں ختم ہونے والے گنگا آبی معاہدے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا، ”ہم پہلے بھی بتا چکے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک مشترکہ دریائی کمیشن موجود ہے۔ گنگا کے ساتھ ساتھ سرحد پار بہنے والے تمام دریاؤں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے یہی ایک مقررہ اور ادارہ جاتی طریقۂ کار ہے۔