بہار نامہ

وزیر اعلیٰ نے چھٹھ مہاپرو کی تیاریوں کے پیش نظر چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ کیا، چھٹھ ورتیوں کی سہولت کے لیے افسران کو ضروری ہدایات

پٹنہ،  : وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج لوک عقیدت کے عظیم تہوار چھٹھ2026- کی تیاریوں کے سلسلے میں گنگا ندی کے چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسٹیمر کے ذریعے ناصری گنج گھاٹ سے کلکٹریٹ گھاٹ، گاندھی گھاٹ، پہلوان گھاٹ، گلبی گھاٹ، چودھری ٹولہ گھاٹ، پتھری گھاٹ اور گائے گھاٹ سے بھدر گھاٹ ہوتے ہوئے مہاویر گھاٹ تک مختلف گنگا گھاٹوں کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے چھٹھ گھاٹوں کی صفائی اور حفاظت کے سلسلے میں افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
معائنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چھٹھ مہاپرو کے پیش نظر گنگا گھاٹوں پر تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ چھٹھ ورتیوں کو اَرگھ دینے میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ گنگا ندی کے آبی سطح اور بہاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹھ گھاٹوں پر حفاظت کے پختہ انتظامات کیے جائیں۔ حفاظتی نقطہ نظر سے گھاٹوں کے قریب مضبوط بیریکیڈنگ کرائی جائے۔ گھاٹوں تک پہنچنے والے راستوں اور گنگا ندی کے کنارے سڑکوں کے قریب بھی چھٹھ ورتیوں کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے بیریکیڈنگ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چھٹھ پوجا کے دوران مائیکنگ کے ذریعے گھاٹوں پر کیے گئے انتظامات اور دیگر ضروری اطلاعات سے چھٹھ ورتیوں اور عقیدت مندوں کو مسلسل مطلع کیا جائے۔ چھٹھ گھاٹوں تک پہنچنے کے لیے بہتر ٹریفک نظام قائم کیا جائے، تاکہ چھٹھ ورتیوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ چھٹھ گھاٹوں پر صفائی ستھرائی کے مکمل انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔
معائنے کے دوران افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ پٹنہ میں گنگا ندی پر کل 103 گھاٹ ہیں، جس میں 91 محفوظ، 5 خطرناک اور 7 گھاٹوں پر کام جاری ہے۔ چھٹھ ورتیوں اور عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے گھاٹوں پر تمام تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ شہری سہولیات کے تحت 552 عارضی اجابت خانہ، 450 عارضی یورینل، 400 عارضی چینجنگ روم، 13 مسافر شیڈ اور 171 واچ ٹاور بنائے گئے ہیں۔چھٹھ گھاٹوں پر پٹنہ میونسپل کارپوریشن، میونسپل کونسل داناپور اور دیگر محکموں و کام کرنے والی ایجنسیوں کے ذریعے کیے جا رہے ضروری انتظامات اور حفاظتی اقدامات کے معائنے، نگرانی اور جائزے کے لیے 21 سیکٹر تشکیل دیے گئے ہیں، جن میں افسران اور دیگر ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے چھٹھ مہاپرو-2026 کے لیے 92 گھاٹ اور 103 تالاب (37 مصنوعی اور 66 مستقل) تیار کیے جا رہے ہیں۔
معائنے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ جناب وجے کمار چودھری، نائب وزیر اعلیٰ جناب بجیندر پرساد یادو، کو آپریٹو کے وزیر جناب رام کرپال یادو، رکن اسمبلی جناب رتنیش کمار، رکن اسمبلی جناب سنجے کمار، پٹنہ کی میئر محترمہ سیتا ساہو، چیف سکریٹری مسٹر پرتیے امرت، محکمہ آفات مینجمنٹ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر سنتوش کمار مل، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر پنکج کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ، محکمہ صحت کے سکریٹری کمار روی، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے سکریٹری مسٹربی۔ کارتیکے دھن جی، محکمہ آبی وسائل کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، محکمہ شہری ترقیات و رہائش کے سکریٹری مسٹر انیمیش کمار پراشر، ساؤتھ بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹرمسٹر سوربھ جوروال، پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر مسٹر یشپال مینا، ڈی ایم مسٹر کندن کمار، ایس ایس پی مسٹر کارتیکے کے۔ شرما سمیت دیگر افسران اور معزز شخصیات موجود تھیں۔