بہار نامہ

وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں ترقی یافتہ بھارت-روزگار اور جیویکا  گارنٹی مشن کے سلسلے میں جائزہ میٹنگ

پٹنہ : وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں آج لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں ترقی یافتہ بھارت-روزگار اور جیویکا  گارنٹی مشن (دیہی)(وی بی -جی رام جی) کے سلسلے میں جائزہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں مشن کے مؤثر نفاذ، دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور گاؤں میں بنیادی ڈھانچے کی مجموعی ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں محکمہ دیہی ترقیات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر ایچ آر سرینواس نے وی بی-جی رام جی کی خصوصیات، عملی منصوبہ بندی اور نفاذ کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں روزگار کی فراہمی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاؤں کی مجموعی اور متوازن ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔ وی بی-جی رام جی مشن کے تحت دیہی خاندانوں کو سال میں 125 دن روزگار کی ضمانت دی گئی ہے۔ مرکز اور ریاستی حکومت کے درمیان 60:40 کے تناسب سے مالی تعاون کی فراہمی ہوگی۔ انہوں نے مقررہ مدت، یعنی 15 دنوں کے اندر مزدوری کی ادائیگی یقینی بنانے پر زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وی بی-جی رام جی مشن کے تحت گاؤں کی مجموعی ترقی اور دیہی روزگار کے لیے 22 ہزار کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کو شامل کیا جائے۔ آنگن باڑی مراکز کی تعمیر پر 12 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مزید 2 لاکھ روپے آنگن باڑی مراکز کی تزئین، تدریسی و تعلیمی مواد، فرنیچر وغیرہ پر خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وی بی-جی رام جی مشن کے تحت اب تک 1.5 لاکھ منصوبے شامل کیے گئے ہیں، ان کی تعداد بڑھا کر 3 لاکھ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام گاؤں میں بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔ اس کے لیے متعلقہ محکمے آپسی تال میل کے ساتھ کام کریں اورڈی ایم اس کی مسلسل نگرانی کریں۔ آنگن باڑی مراکز، اسکولوں، صحت مراکز، دیہی ہاٹ، شجرکاری، آبی تحفظ اور طلبہ کے لیے کھیل کے میدانوں کی تعمیر سمیت دیہی علاقوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے تیزی سے کام کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مشن کے تحت گرام پنچایتوں کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے منصوبہ بند طریقے سے کام کیا جائے۔ اس کے تحت آبی تحفظ، دیہی بنیادی ڈھانچے، ذریعہ معاش کے فروغ اور آفات کے انتظام سے متعلق چار اہم زمروں میں کام کرائے جائیں گے۔ انہوں نے منصوبوں کے مرحلہ وار نفاذ کے ساتھ کاموں کی نگرانی میں ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی مؤثر سماجی آڈٹ کے نظام اور عوامی شکایات کے فوری ازالے پر بھی زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے ’سیوا سنکلپ اور کایاکلپ مہم‘ کے تحت دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ترقی کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں آنگن واڑی مراکز کی تعمیر ترجیحی بنیاد پر مکمل کی جائے۔ جن اسکولوں میں اضافی کلاس روم کی ضرورت ہے، وہاں اضافی کلاس روم کی تعمیر کا ہدف پورا کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے دیہی ہاٹ کی تعمیر کے اہداف بھی مقرر کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست میں آبی تحفظ کے حوالے سے کہا کہ نہروں، آبی ذخائر اور پانی کے دیگر ڈھانچوں کی مرمت و بحالی ضروری ہے۔ ان ڈھانچوں کی مرمت اور دوبارہ بحالی کے کام ترجیحی بنیاد پر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ضلع مجسٹریٹوں کو ان کاموں کی باقاعدہ نگرانی کرنے کی ہدایت دی، تاکہ منصوبوں کا نفاذ مقررہ وقت کے اندر اور معیاری طریقے سے ہو سکے۔انہوں نے محکمہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کو آبی تحفظ اور شجرکاری کے لیے مقررہ اہداف کے مطابق کام کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے اور مستقبل کی آبی ضروریات پوری کرنے کے لیے آبی تحفظ سے متعلق کاموں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ شجرکاری اور بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے کاموں کو باہمی تال میل کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وی بی-جی رام جی مشن کی تمام دفعات اور منصوبوں کا مؤثر نفاذ یقینی بناتے ہوئے دیہی علاقوں میں روزگار کی فراہمی، ذریعہ معاش کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں، تاکہ دیہی خاندانوں کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے اور ترقی یافتہ بہار کے عزم کو مزید مضبوطی حاصل ہو۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ جناب وجے کمار چودھری، نائب وزیر اعلیٰ جناب بجیندر پرساد یادو، وزیر تعمیرات محترمہ لیشی سنگھ، محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر سی کے انیل، محکمہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر آنند کشور، محکمہ دیہی ترقی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر ایچ آر سرینواس، محکمہ زراعت کے پرنسپل سکریٹری مسٹر نرمَدیشور لال، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ، محکمہ دیہی امور کے سکریٹری مسٹر ابھے کمار سنگھ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری مسٹر راجیو روشن، محکمہ آبی وسائل کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، محکمہ تعمیرات سڑک کی اسپیشل سکریٹری مسز شیلجا شرما، وی بی-جی رام جی کے کمشنر مسٹر انجنی کمار سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔