غالب انسٹی ٹیوٹ میں معروف شاعر نور امروہوی کا استقبال
نئی دہلی،،پریس ریلیز،ہمارا سماج: اردو کے معروف شاعر اور سماجی خدمت گزار نور امروہوی کے اعزاز میں استقبالیہ نشست کا اہتمام کیا گیا۔ نشست کی صدارت سابق صدر انڈیا اسلامک کلچر سنٹر سراج الدین قریشی نے کی۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ نور امروہوی کا شمار ہمارے عہد کے ممتاز ادیبوں میں ہوتا ہے ، انھوں نے اپنے تجربات اور دلی واردات کو صرف سینے میں محفوظ نہیں رکھا بلکہ اسے فن کا جامہ پہنا کر ادب کا لازوال نمونہ پیش کیا ہے۔ ان کی سماجی خدمات بھی نہایت اہم ہیں ایسے افراد جن میں ملک و قوم کا درد ہو بہت کم ہوتے ہیں۔ نور امروہوی نے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج کے جلسے کے بہانے اپنے احباب سے ملنے کا ایک موقع مجھے ملا ہے۔ میں نے وطن سے دور رہ کر بھی ہمیشہ وطن کو اور یہاں کی تہذیب و ثقافت کو دل میں تازہ رکھنے کی کوشش کی ہے۔ اصل میں وطن کی اہمیت اسی وقت معلوم ہوتی ہے جب آپ دیار غیر میں ہوں۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا غالب انسٹی ٹیوٹ کی ادبی کارگزاریوں میں یہ بھی شامل ہے کہ اردو کے اہم ادیب و شعرا کی خدمت میں جو عموماً بیرون ملک قیام پذیر ہیں ان کی ہندستان آمد پر استقبالیہ جلسے کا انعقاد کرے۔ اس سلسلے میں نور امروہوی کو اس روایت میں شامل کرنے کی ہماری خواہش خاصی پرانی ہے لیکن کئی بار یہ پروگرام ہوتے ہوتے ٹل گیا کبھی ہماری مصروفیات اور کبھی نور صاحب کی عدیم الفرصتی آڑے آتی رہی، لیکن خوش قسمتی سے اس بار نور امروہوی صاحب غالب انسٹی ٹیوٹ تشریف لائے اور ہم سب دل کی گہرائیوں سے آپ کا استقبال کررہے ہیں۔ اس موقعے پر ایک شعری نشست کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی نظامت معین شاداب نے کی اور نور امروہوی، ایم آر قاسمی ، اشرف بستوی ، معین شاداب ، شعیب رضا فاطمی ، ذکی طارق ، سلیم امروہوی اور احمد علوی نے کلام پیش کیا۔ شعری نشست کے بعد شام غزل کا اہتمام ہوا جس میں استاد عبد الرحمن نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ غالب اور دیگر اساتذہ ¿ سخن کا کلام پیش کیا۔
