اداریہ ؍مضامین

بھارت سربراہی کانفرنس میں ’ووٹ چوری‘ کی گونج

عبدالعزیز
9831439068
حیدر آباد میں راہل گاندھی نے 70ممالک کے نمائندوں کو ’بھارت سربراہی کانفرنس‘ میں شرکت کی دعوت دی تھی، جس میں بعض نمائندے ویزا نہ ملنے پرشریک نہیں ہوسکے۔راہل گاندھی نے ایسے لوگوں سے جن کو ہندستانی حکومت کی طرف سے ہندستان آنے کی اجازت نہیں دی گئی معذرت کی اور بتایا کہ ہمارے ملک میں 2014ء سے جمہوریت نہیں ہے، جس کی وجہ سے بہت سے غیر ملکی نمائندوں کو ہندستان میں آنے کی مشکلات کاسامنا کرنا پڑ ا ہے۔ راہل گاندھی کا یہ بیان کوئی معمولی بیان نہیں کہا جاسکتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کی گونج دنیا بھر میں سنائی دے گی اور ملک کی بدنامی کا سبب بنے گا۔ جہاں تک راہل گاندھی کے بیان کی سچائی اور صداقت کا معاملہ ہے تو اس کے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ اتنے سارے ثبوت ہیں کہ راہل گاندھی کے بیان کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ بہت سی سچائیاں تو ایسی ہیں کہ جن کو ہر ایک دانا شخص جانتا ہے اور بیان کرتا ہے۔
مسلم فرقہ کے ایک شخص سے اگر پوچھا جائے تو وہ صرف ملک کی فسطائیت اور آمریت کا نشانہ ہی نہیں ہے بلکہ موجودہ حکومت یا حکمراں جماعت کا ہر لیڈر اور ہر شخص مسلمانوں کے وجود، شناخت، ان کے ادارے، مساجد، مدرسے سب کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کا پروگرام اور منصوبہ رکھتا ہے۔ فرقہ وارانہ فسادات میں مسلمانوں کی جان جاتی ہے۔ ان کی جائیدادیں لوٹی جاتی ہیں۔ ان کے مکانوں، دکانوں اور کارخانوں کو ہر طرح سے نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ مسلمانوں کو جانی اور مالی نقصانات ا س قدر پہنچائے جاتے ہیں کہ کسی جمہوری ملک میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ مسلمانوں کو عدالتوں میں بھی انصاف نہیں ملتا۔ تمام سرکاری ادارے اور ایجنسیاں مسلمان مخالف ہیں۔ مختصراً یہ کہا جائے کہ حکومت یا حکمراں جماعت مسلمانوں کے خلاف اعلانِ جنگ کر رکھا ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ یہ دوسری بات ہے کہ مسلمان صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں۔وہ نہ مشتعل ہو رہے ہیں اور نہ حالات سے مایوس ہیں۔ اس سے بڑا ثبوت عدم جمہوریت کا اور کیا ہوسکتا ہے۔ ملک کا ایک حصہ جو مسلم اقلیت کے نام سے جانا جاتا ہے اسے دبایا جارہا ہے۔ اس کی حق تلفی ہورہی ہے۔ اسے شہری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
مسلمانوں کے بعد عیسائیوں، دلتوں اور کمزور طبقوں کاحال بھی ناگفتہ بہ ہے۔ جمہوریت میں اظہارِ خیال کی آزادی ہوتی ہے۔ تحریرو تقریر پر کوئی قدغن نہیں ہوتا لیکن ملک میں اظہارِ آزادی کو سلب کرنے کی ہر ممکن کوشش ہورہی ہے۔ احتجاج و مظاہرے کو کچلنے میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ہے۔ 10 اکتوبر 2026ء کو دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کے دن سے ایک دن پہلے جیسے شہر اور ملک کی راجدھانی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ بعد میں جنتر منتر میں احتجاج یا دھرنا کرنے کی پابندی بھی عائد کر دی گئی تھی۔ ’کاکروچ پارٹی‘ کے دو لیڈروں نے 15 اگست کو جنتر منتر میں ترنگا جھنڈا لہرانے کی کوشش کی تھی جس کی پاداش میں دونوں کو آٹھ دس روز تک جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی۔
ملک میں شاید ہی کوئی جماعت ایسی ہو جس کو توڑنے کی کوشش نہ کی گئی ہو۔ ترنمول کانگریس ہو، شیو سینا ہو ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ہو، جنتا دل یو ہواس طرح کی ساری ریاستی جماعتوں کو توڑنے اور نیست و نابود کرنے کے لئے بی جے پی نے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ ایم ایل اے، ایم پی کی خرید و فروخت کے علاوہ حکومتوں کو بھی توڑتی رہی۔مدھیہ پردیش، کرناٹک، گوا، شمالی مشرقی ریاستوں کی کانگریسی حکومتوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے مقصد کے لئے توڑتی رہی۔ مہاراشٹر کی حکومت ہو یا دیگر ریاستوں کی حکومتیں ہوں سب کو توڑنے میں ہر طرح کے حربے اور ہتھکنڈے کا استعمال بی جے پی کرتی رہی۔ یہ سب کام ایسا ہے جو جمہوریت مخالف ہے اور فسطائیت و آمریت کے عین مطابق ہے۔
جہاں تک ووٹوں کی چوری کا معاملہ ہے وہ تو اب اظہر من الشمس ہے۔ الیکشن کمشنر ووٹ چوری اور سینہ زوری کرتا رہا لیکن اب اعترافِ گناہ عدلیہ کے سامنے بھی کرلیا ہے اور اپنی تحریروں اور بیانات کے ذریعے بھی ووٹ چوری کو تسلیم کیا ہے۔ روزانہ الیکشن کمشنر U-Turn کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ سدھار اور اصلاح کی کوشش کر رہا ہے تاکہ اس کا بچاؤ ہوسکے۔ حالانکہ راہل گاندھی بار بار کہہ چکے ہیں کہ اس چوری میں نریندر مودی اور امیت شاہ بی جے پی کو الیکشن میں جتانے کے لئے الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا استعمال کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن کمشنر اگر سرکاری گواہ بن جاتے ہیں تو جیل جانے سے بچ سکتے ہیں۔ حیدر آباد کی سربراہی کانفرنس میں اٹلی سے آئے ہوئے ایک سیاستداں جیکومو فیلی بیک نے اپنی تقریر کے دوران نعرہ بلند کیا ’’ووٹ چور گدی چھوڑ‘‘۔ نعرہ بلند کرنے کے وقت یہ بھی دیکھا گیا کہ راہل گاندھی مسکراتے ہوئے تالیاں بجا رہے ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان اور لیڈران اس کے لئے چیں بجبیں ہیں۔ ان کا اعتراض ہے کہ ایک غیر ملکی سیاستداں ہندستان میں آکر ہندستان کی جمہوریت کو بدنام کر رہا ہے۔
بھاجپا کو اگر ملک کی بدنامی اور پارٹی کی بدنامی کی فکر ہوتی تو ووٹ چوری کے ذریعے حکومت سازی کرنے کی زحمت نہیں کرتی۔ بھاجپا اچھی طرح جانتی ہے کہ ایک چائے والا جو اپنے آپ کو پڑھا لکھا بھی نہیں بولتا وہ ہندستان میں پائی جانے والی جمہوریت کی بدولت ہی ملک کا وزیر اعظم ہوا۔ اب اسی جمہوریت کا قصہ تمام کرنے کی مجرمانہ حرکت ہورہی ہے، یہ سمجھتے ہوئے کہ چالیس سال پچاس سال تک بی جے پی ملک میں حکومت کرے گی۔ نریندر مودی اور امیت شاہ کا یہ خواب یا یہ سازشی منصوبہ کیسے پورا ہوگا۔ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ مودی کی 75 سالہ عمر بہت کم ہے وہ ڈیڑھ دو سو سال تک زندہ رہیں گے تو کم عقلی نہیں تو اور کیا ہے؟ امیت شاہ بھی کم عمر کے نہیں ہیں کہ وہ بھی سو دو سو سال تک زندگی کی منزلیں طے کریں گے۔ یہ سب خواب وہی دیکھتا ہے اور منصوبہ بناتا ہے جس کے دل و دماغ میں آمریت اور فسطائیت رچی بسی ہوتی ہے۔ جمہوریت اس کے لئے سم قاتل ہوتی ہے۔
 دنیا کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ نریندر مودی جس کو اپنا باپ اور دادا کا درجہ دیدیتے ہیں ان کا زوال بھی شروع ہوگیا ہے۔ دادا ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ میں شرمناک شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔ فادر نیتن یاہو بھی بری طرح الیکشن میں ناکام ہوئے ہیں۔ ان کے مخالف جو حکومت سازی کرنے والے ہیں وہ اسرائیل کی پارلیمنٹ میں ایک ایسی قانون سازی کے لئے بل لا رہے ہیں کہ نیتن یاہو کبھی بھی ملک کے وزیراعظم نہیں بن سکیں گے۔ ان پر حکمرانی کی ناکامی کے ساتھ ساتھ کرپشن کا بہت بڑا چارج ہے۔ پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران جب ان سے اسرائیل کے دفاع میں چوک اور ان کی بدعنوانی کے بارے میں ایک ممبر پارلیمنٹ نے سوال کیا تو ان کے بجائے ان کی بیوی جواب دینے لگی جس کی وجہ سے اسرائیلی پارلیمنٹ میںہنگامہ برپا ہوگیا۔ امریکی اور اسرائیلی حالات سے نریندر مودی اور امیت شاہ کو سبق لینا چاہئے۔ جس طرح چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اپنے بچاؤ کے لئے U-Turn لے رہے ہیں اسی طرح ان دونوں کو بھی U-Turn لینے کی ضرورت ہے۔ اگر فسطائیت اور آمریت باقی رہتی ہے تو ملک کے حالات بد سے بدتر ہوتے چلے جائیں گے۔ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی جس طرح کے بیانات اور اعلانات کر رہے ہیں اس سے تو ایسا لگتا ہے کہ وہ ملک کو آمریت سے نجات دلا سکیں گے۔ اس میں تو کوئی شک نہیں کہ ملک میں بیداری کی لہر پیدا ہوچکی ہے۔ جوان ہوں یا کسان، مزدور طبقہ ہو یا چھوٹے تجار ہوں سب پریشان حال ہیں اور سب کے سب ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ چار پانچ ریاستوں میں بہت جلد الیکشن ہونے والے ہیں ۔ ان ریاستوں کے انتخابی نتائج سے ثابت ہوجائے گا کہ ملک کے حالات میں تبدیلی آنے والی ہے یا نہیں؟
Mob:9831439068