’’یہ وقت ہے ایک ہونے کا، مسلک کے نام پر لڑنے کا نہیں ـ‘‘
6291697668
آج ایمان کے دعویدار فرقہ فرقہ اور مسلک مسلک ہو کر ایک دوسرے کے خون کے پیاسے بن گئے ہیں۔ ہمارے ملک میں آئے دن مسلکی تنازع کسی نہ کس صورت میں سامنے آ رہے ہیں، جس وجہ کر مسلمان بھائی بھائی کا دشمن ہو گیا ہے۔ عقیدہ اور مسلک کے نام پر ایک بھائی دوسرے بھائی کو قتل کر رہا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک خبر بڑی زور و شور سے چلائی جا رہی ہے جو کشن گنج کے ایک گاؤں کی ہے، جہاں ایک مسلکی مولوی نے مسلک کے نام پر ایسی بات کہہ دی کہ نکاح ہوتے ہوتے نہیں ہو سکا۔اتنی بڑی بھول ایک مسلکی مولوی نے کیسے کر دی جبکہ مسلکی مولوی جس گائوں کی مسجد کے امام ہیں وہ دو چار دن سے تو نہیں ہیں یقینا سال دو سال سے ہو نگے تو ان دو سالوں کے درمیان انہیں پتہ نہیں تھا کہ فلاں گائوں کے لوگ دیوبندی مسلک سے ہیں پھر کیوں وہ نکاح پڑھانے کے لئے گئے اور ایک فتنہ مسلک کے نام پر کھڑی کر دیا ۔ اس معاملے میں بھلے ہی لڑکی والوں کی ، لڑکے والوں کی، دونوں طرف کے لوگوں کی بھول اور خطا ہو گی لیکن پہلی بھول یا غلطی اس مسلکی مولوی کی ہے نہ وہ مسلکی فتنہ اٹھاتے اور نہ یہ سب کچھ ہو تا اور اب ایسا ہو گیا ہے کہ کچھ نوجوان داڑھی ٹوپی والے مسلکی مولوی مناظرہ کے لئے چیلنج کر نے لگے ہیں ۔ حالانکہ چیلنج وہ لوگ کر تے ہیں جن کے اندر کچھ نہیں ہو تا ، وہ مناظرہ قرآن و حدیث سے نہیں کرینگے بلکہ اپنے اپنے مسلکی کتابوں سے کرینگے جو فتنہ کو بڑھاوا دینے کیلئے لکھی گئی ہے ۔
بہر حال دینِ اسلام اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ دین ہے اور اس دین کو حضرت محمد ﷺ لے کر آئے۔ اب جس دین کو اللہ نے پسند فرمایا اور جس دین کو ہمارے نبی پاک ﷺ لے کر آئے، اسے دنیا کی کوئی طاقت چاہ کر بھی مٹا نہیں سکتی۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اسلام کو بدنام کر سکتی ہے، اور آج اسلام کو بدنام کیا جا رہا ہے، مگر جتنا بدنام غیر مسلموں نے اسلام کو نہیں کیا اس سے کہیں زیادہ ہمارے مسلکی مولویوں نے اسلام کو بدنام کر رکھا ہے۔ اپنے اپنے مسلک کے تئیں وفادار یہ مسلکی مولوی اپنے مفاد کی خاطر دینِ اسلام کی شبیہ کو اس قدر بگاڑ رہے ہیں کہ اب غیر قوم بھی اسلام کے خلاف ہو گئے ہیں۔
جب تک یہ مسلکی علماء مدرسہ میں زیرِ تعلیم رہتے ہیں تب تک انہیں مسلک سے کوئی سروکار نہیں رہتا، کیونکہ چندہ لانے والے کہاں سے چندہ لاتے ہیں وہ خود انہیں پتہ نہیں ہوتا کہ دینے والا کس مسلک اور کس عقیدہ سے تعلق رکھتا تھا۔ اور جب یہ لوگ مدرسہ سے فارغ ہو جاتے ہیں تو ان پر مسلکی جنون سوار ہو جاتا ہے اور پھر اپنے اپنے مسلک کے تئیں پرچار شروع کر دیتے ہیں۔ آج جتنا مسلک کا پرچار ہو رہا ہے اتنا اسلام کا پرچار نہیں ہو رہا ہے، قرآن و حدیث کی باتیں نہیں بتائی جا رہی ہیں بلکہ اپنے اپنے بزرگوں کی لکھی ہوئی مسلکی کتابوں کے ذریعہ دین کو بدنام کیا جا رہا ہے، امت کو ورغلایا جا رہا ہے اور امت بھی اتنی احمق کہ کبھی وہ قرآن و حدیث کھول کر نہیں دیکھتی، بس جو مسلکی مولویوں نے کہہ دیا وہی سچ مان لیا۔
ان مسلکی مولویوں نے امت کے درمیان ہر چیز کو بانٹ دیا ہے۔ انہوں نے مسلک کے نام پر نماز تک بانٹ دیا ہے: کوئی ہاتھ ناف پر باندھتا ہے، کوئی ناف کے نیچے باندھتا ہے، کوئی سینے پر باندھتا ہے اور کوئی ہاتھ چھوڑ کر نماز پڑھتا ہے۔ اسی طرح روزہ کو بانٹ رکھا ہے۔ وہ اس طرح کہ اگر ایک علاقے میں تین مسلک کے تین مسجد ہیں، تو جس مسجد کی اذان ہو گئی اس مسجد کے مصلی اس اذان پر روزہ کھولیں گے، دوسرے لوگ نہیں کھولیں گے۔ حج کرنے جائیں گے تو وہاں نماز ادا نہیں کریں گے کعبے کے امام کے پیچھے، کیونکہ کعبے کا امام کسی اور مسلک کا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی ٹخنہ سے اوپر لباس پہنتا ہے تو اس کا مسلک الگ ہے اور کوئی ٹخنہ سے نیچے پہنتا ہے تو اس کا مسلک الگ ہے۔ اب تو مسلکی ٹوپی بھی ایجاد ہو گئی ہے: جو ٹوپی اونچی والی پہنتا ہے اس کا مسلک الگ ہے اور جو ٹوپی سٹا کر پہنتا ہے اس کا مسلک الگ ہے۔
اسی طرح چاند کو بھی ان مولویوں نے مسلک کے نام پر بانٹ دیا ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کئی سال پہلے رمضان کا جب چاند نظر آیا تو ہر مساجد سے یہ اعلان ہو گیا کہ آج چاند ہو گیا ہے، آپ لوگ سحری کھا سکتے ہیں۔ لیکن ٹھیک ڈھائی سے تین بجے کے درمیان پھر ایک مسلک کے مسجد سے اعلان ہوتا ہے کہ کوئی بھی روزہ نہ رکھے، کیونکہ جس چاند کی تصدیق جس مسلک کے لوگوں نے اعلان کیا ہے وہ کسی اور مسلک کا ہے، ہمارے مسلک کی طرف سے ابھی چاند کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، اس لیے آپ لوگ روزہ یعنی سحری نہ کھائیں، بلکہ اگر جو لوگ کھا لیے ہیں وہ روزے کی نیت نہ کریں۔ یعنی اس طرح سے ان لوگوں نے چاند کو بھی مسلکی بنا دیا۔
بہر حال، لیکن ایک چیز پر آج تک مسلکی خول نہیں چڑھا، مسلکی غلاف نہیں لگا، مسلکی زنگ اس شے سے پاک ہے، اور وہ ہے پیسہ۔ جی ہاں، پیسہ پر کسی بھی مسلکی مولویوں کو اختلاف نہیں ہے، چاہے وہ جو دے دے یا جہاں سے ملے۔ قارئینِ حضرات! آپ نے دیکھا ہوگا کہ جب کوئی مسجد زیرِ تعمیر ہوتی ہے تو اس کے امام صاحب چندہ کا اعلان کرتے ہیں کہ مسجد زیرِ تعمیر ہے، آپ حضرات اس کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ آپ نے کبھی یہ نہیں سنا ہوگا کہ یہ مسجد فلاں مسلک کی ہے اس لیے اس میں چندہ بھی فلاں مسلک والے ہی دیں۔ اسی طرح باہر سے جو لوگ چندہ مانگنے آتے ہیں مسجد اور مدرسہ کے لیے، تو وہ بھی مسجد اور مدرسہ کے لیے چندے کا گہار لگاتے ہیں کہ حضرات! یہ فلاں علاقے میں ایک مسجد یا مدرسہ زیرِ تعمیر ہے، اس میں آپ دامے درمے چندہ دیں۔ وہ چندہ مانگنے والا کبھی بھی یہ نہیں کہتا کہ یہ فلاں مسلک کی مسجد ہے اور مدرسہ ہے جو زیرِ تعمیر ہو رہی ہے، اس لیے اس میں صرف فلاں مسلک کے لوگ ہی چندہ دیں۔ کہنے کا حاصل یہ ہے کہ پیسے کے لیے ان کی مسلکی اختلافات دھری کی دھری رہ جاتی ہیں، یہاں یہ بھول جاتے ہیں کہ کون کس مسلک کا ہے، بس پیسہ چاہیے۔
موجودہ دور کے یہ مسلکی علماء ہی دراصل میں علمائے سو ہیں۔ یہ اپنے آپ کو عالمِ دین سمجھتے ہیں، مگر یہ عالمِ دین نہیں بلکہ عالمِ دِن ہیں۔ جی ہاں، یہ عالمِ دِن ہیں! صبح سو کر اٹھتے ہی دِن میں پہلے اپنی موبائل کھول کر دیکھتے ہیں یا پھر اپنی ڈائری میں دیکھتے ہیں کہ کہاں سے بلاوا آیا ہے جلسہ کے لیے، کون کتنا نذرانہ دے گا، کہاں سے بریانی یا پلاؤ گوشت ملے گا کھانے کے لیے، بس اسی میں ان کا دن گزر جاتا ہے۔ پھر رات میں ایک گھنٹہ میں ایک دوسرے مسلک کے خلاف تقریر کرتے ہیں یا پھر اپنے بزرگوں کے جھوٹے قصے اور کہانیاں بیان کرتے ہیں، پھر اپنا طے شدہ نذرانہ اور کچھ بخشش لے کر راستہ ناپ لیتے ہیں۔ انہیں دین سے مطلب نہیں، انہیں دِن سے مطلب ہوتی ہے کہ ہر دن میں اچھی سے اچھی مسلکی تقریر کر کے پیسہ کماؤں اور امت کو بے وقوف بناؤں، تاکہ میری مسلکی تقریر پر لوگ نعرہ ایسا لگائیں کہ ہر طرف میرے نام کا ڈنکا بجے، میرے نام کے آگے پیچھے بڑے بڑے القاب لگیں، زیادہ سے زیادہ لوگ مجھے سننے کے لیے جلسہ میں مدعو کریں اور اس طرح میری روزی روٹی رات دن چلتی رہے، بھلے ہی دین مٹتی ہے تو مٹ جائے۔
یہ مسلکی مولوی اتنے سیانے ہوتے ہیں کہ آپ کو بتا دوں اور آپ میری اس بات پر غور کریں گے تو آپ بھی میری باتوں سے اتفاق کریں گے، وہ یہ کہ یہ مسلکی مولوی کسی جلسہ میں، کانفرنس میں، اجتماع میں، عیدگاہ میں نمازِ عیدین پڑھاتے ہوئے یا پھر جمعہ کے دن مسجد میں نماز پڑھانے کے بعد جب دعا کرتے ہیں تو دعا میں یہ کہتے ہیں کہ: “اے اللہ! آج پوری دنیا میں مسلمانوں کے اوپر ستم ڈھایا جا رہا ہے، تو ہر مسلمان کو ان کے ظلم و ستم سے حفاظت فرما”۔ اسی طرح کی بہت سی دعائیں پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے مانگی جاتی ہیں۔ کبھی بھی کوئی مسلکی مولوی ان جگہوں پر یہ دعا نہیں کرتا کہ ہم فلاں مسلک والے ہیں اس لیے میرے اللہ تو ہمارے ہی مسلک والوں کی حفاظت فرما، باقی مسلک والوں سے ہمیں کوئی غرض نہیں۔
ایسا کبھی نہیں کہتے، لیکن جونہی یہ جلسہ، کانفرنس، اجتماع کے اسٹیج سے اترتے ہیں یا پھر عیدگاہ سے باہر آتے ہیں اور اپنے اپنے مسجدوں سے باہر نکلتے ہیں تو پھر وہی مسلکی باتیں، پھر وہی مشرک اور کافر کے فتوے۔
آخر کب ختم ہوں گے یہ مسلکی جھگڑے اور فتوے؟ شاید کبھی نہیں، جب تک امت قرآن و حدیث کو پڑھے گی نہیں، سمجھے گی نہیں، تب تک شاید ممکن نہیں۔ میری امت کے جوانو! آج اگر آپ کو دینِ اسلام کو بدنام ہونے سے بچانا ہے تو ان مسلکی مولویوں سے دوری اختیار کریں اور جہاں جہاں اور جس جس مساجد میں ایسے مسلکی علماء ہیں انہیں باہر کا راستہ دکھائیں، تبھی اسلام بدنام ہونے سے بچ پائے گا ورنہ نہیں۔ کیونکہ ان لوگوں نے اسلام کو ایک کھلونا سمجھ لیا ہے اور مسلکی ڈگڈگی بجا کر اس سے کھیلتے رہتے ہیں اور امت کو بھی اس کھیل کی طرف راغب کرتے ہیں اور کھیلنے پر آمادہ کرتے ہیں۔
ہر مذہب انسانوں سے پیار کرنے کا درس دیتا ہے، پھر ہم کیوں مسلکی اختلافات کے چکر میں اپنے ہی کلمہ گو بھائی سے سلام کلام بند کریں، شادی بیاہ کو ترک کریں؟ ہندوستان میں اسلام کو آئے ہوئے ہزار سال سے بھی زائد ہوئے، اس دوران نہ جانے کتنی شادیاں ہوئیں لیکن کبھی مسلک نہیں دیکھا گیا، آج نیا نیا مولوی فتویٰ صادر کرتا ہے کہ فلاں مسلک کی لڑکی کی فلاں مسلک کے لڑکا سے نکاح جائز نہیں۔ جو لوگ محبت کر کے شادی کرتے ہیں وہ کون سا مسلک دیکھتے ہیں؟ ذرا یہ پوچھیں تو ان مسلکی مولویوں سے! جب تک آپ بے وقوف بنے رہیں گے یہ مسلکی مولوی آپ کو بے وقوف بناتے رہیں گے۔
یہ کوئی ضروری نہیں ہے کہ جنازہ کی نماز اور شادی میں نکاح مولوی ہی پڑھائے گا۔ باپ کا جنازہ بیٹا پڑھا سکتا ہے اگر وہ پڑھانا جانتا ہے، اسی طرح بیٹے کا نکاح بیٹے کا باپ پڑھا سکتا ہے اگر وہ پڑھانا جانتا ہے۔ لہٰذا آپ لوگ قرآن کو پڑھیں، ضرورت کے تحت انہیں یاد کریں تاکہ جہاں ضرورت پڑے وہاں آپ کو کسی مولوی کی ضرورت نہ پڑے۔ مولوی صرف مسجد میں فرض نمازوں کے لیے ہے۔ ارے بھائی! جب آپ سنت، نفل، وتر اور تہجد کی نماز خود پڑھ سکتے ہیں تو پھر میت کی نماز اور نکاح کا خطبہ کیوں نہیں پڑھ سکتے؟ جب تک آپ یہ قدم نہیں اٹھائیں گے اسی طرح سے یہ مسلکی مولوی آپ کو بے وقوف بناتے رہیں گے۔ شادی میں کتنی ہی حرام اور ناجائز رسومات ہوتے ہیں وہ ان کی نظر میں حرام نہیں، لیکن بات جب مسلک کی ہو تو نکاح حرام ہو جاتا ہے۔
آج ہندوستان کے حالات پر نظر ڈالیں اور پھر اپنے آپ کو دیکھیں کہ آج ہم کس خوف اور دہشت میں جی رہے ہیں۔ آج ہماری مسجدیں ڈھائی جا رہی ہیں، مدارس منہدم کیے جا رہے ہیں، اور یہ مذہب کے نام پر ہو رہا ہے، مسلک کے نام پر نہیں۔ دشمن ہمیں مسلک دیکھ کر نہیں مار رہے ہیں بلکہ مسلمان دیکھ کر مار رہے ہیں۔ یہ وقت ہے ایک ہونے کا، یہ وقت ہے کہ ہم سب بحیثیتِ مسلمان ایک ہو جائیں اور ان مسلکی مولویوں سے دوری اختیار کریں جو چاہتے ہیں کہ مسلمان، مسلمان کی گردنیں کاٹیں۔
میرے عزیزو! آپس میں لڑ کر اسلام کو بدنام مت کرو۔ ہندوستان کی آزادی میں ہر عقائد کے لوگ تھے، انہوں نے اپنی جانیں اس ملک کے لیے قربان کی ہیں، ان لوگوں کی قربانیوں کو ضائع مت ہونے دو اور سب ایک ہو جاؤ، اور آج کے ان مسلکی مولویوں سے اپنے اسلام کو بچاؤ۔ دیکھو یہ وقت ایک ہونے کا ہے، ایسا نہ ہو کہ ان مسلکی مولویوں کے چکر میں دیر ہو جائے۔
