توصیف اس خدا کی جس نے جہاں بنایا
ڈاکٹر سراج الدین ندوی
9897334419
کائنات کی وسعتیں، زمین و آسمان کی رنگینیاں، سورج اور چاند کی گردش، زندگی کے بے شمار مظاہر اور انسان کی حیرت انگیز تخلیق، یہ سب ایک ایسی عظیم ہستی کی قدرت و حکمت کی نشانیاں ہیں جس نے عدم سے وجود بخشا اور پوری کائنات کو ایک منظم نظام کے تحت قائم کیا۔ وہی خالق ہے، وہی مالک ہے، وہی رازق ہے اور وہی تمام اختیارات کا تنہا مالک ہے۔ اس کی رحمت بے پایاں، اس کی قدرت بے مثال اور اس کا علم ہر چیز پر محیط ہے۔ آئیے! اس خدا کی کچھ صفات پر غور کریں جس کی حمد و ثنا کے لیے الفاظ بھی ناکافی ہیں۔
اللہ ہی ہمارا معبود ہے۔ وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ہر چیز فنا ہوجائے گی مگر اس کی ذات زندہ جاوید ہے۔ دنیا کی ہر شے کا وجود اس کا مرہون منت ہے۔ پوری دنیا کا نظام اللہ کی مرضی سے قائم ہے اور چل رہا ہے۔ اللہ کے سوا دنیا کے نظام میں کسی کو کوئی دخل نہیں ہے۔ وہ خود قائم ہے اور پوری کائنات کو قائم رکھے ہوئے ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے:
”اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ حی اور قیوم ہے۔” (آل عمران: 2)
یعنی وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ وہ خود قائم ہے اور پوری کائنات کو قائم رکھنے والا ہے۔ وہی نظمِ کائنات کی تدبیر کرتا ہے۔ اس کی اجازت کے بغیر کوئی سفارش کرنے والا نہیں ہے۔ (یونس: 3)
”اللہ نے گواہی دی کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور فرشتوں نے گواہی دی اور اہل علم نے بھی، انصاف پر قائم رہتے ہوئے۔” (آل عمران: 18)
اللہ کی ذات بہت زبردست ہے۔ سب اختیارات اسی کو حاصل ہیں۔ اس کی مشیت کے سامنے سب بے بس ہیں۔ وہ مالک و حکمراں ہے۔ ذرہ ذرہ پر اس کی حکومت ہے۔ ایک پتہ بھی اس کی مرضی کے بغیر نہیں ہل سکتا۔ وہ ایسا غالب ہے کہ سب اس کے سامنے ہیچ ہیں۔ اس کے تمام احکام حکمت سے بھرپور ہیں۔ وہ کائنات کا نظام بھی حکیمانہ طور پر چلا رہا ہے اور اس کے نظام میں کوئی خلل نہیں ہے۔
”اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ غالب اور حکمت والا ہے۔” (آل عمران: 18)
”یہ اللہ تمھارا پروردگار ہے، اس کے علاوہ کوئی عبادت کا مستحق نہیں ہے۔ وہ ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے، پس اسی کی اطاعت اور عبادت کرو۔” (الانعام: 102)
اللہ ہی نفع اور نقصان کا مالک ہے۔ وہ اگر نفع پہنچانا چاہے تو کوئی نقصان نہیں دے سکتا اور اگر وہ نقصان پہنچانا چاہے تو دنیا کی کوئی طاقت نفع نہیں پہنچا سکتی۔ اس حقیقت کو سمجھنے کے لیے انسان کو غور کرنا چاہیے کہ اس کے تمام معاملات اللہ ہی کے اختیار میں ہیں۔
”اے نبی! کہہ دو کہ تم غیر اللہ کی عبادت کرتے ہو جو تمھیں نفع نقصان پہنچانے کا اختیار بھی نہیں رکھتے۔” (المائدہ: 76)
”اور اگر اللہ تجھے نقصان پہنچائے تو اس سے بچانے والا بھی وہی ہے اور اگر وہ تجھے بھلائی پہنچانا چاہے تو وہ ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔” (الانعام: 17)
انسان کو جو صلاحیتیں ملی ہیں، وہ سب اللہ سے ملی ہیں۔ سوچنے سمجھنے کے لیے عقل، دیکھنے کے لیے آنکھیں، سننے کے لیے کان، سب کچھ اللہ ہی کی عطا ہے۔ کان، آنکھیں اور دل محض جسم کے تین اعضا کا نام نہیں ہیں بلکہ یہ انسان کی تمام صلاحیتوں، عقل، شعور، وجدان، قوتِ فیصلہ، عزم و ارادہ وغیرہ کے مظاہر ہیں۔ یہ سب اللہ کی عطا ہیں۔ اللہ نے جن اعضا اور صلاحیتوں سے کسی کو محروم رکھا ہے، دنیا کی کوئی طاقت انھیں نہیں دے سکتی۔
”اے نبی! کہہ دو، کیا تم نے غور کیا؟ اگر اللہ تمھارے کان اور آنکھیں لے لے اور تمھارے دلوں پر مہر لگا دے تو اللہ کے علاوہ کون خدا ہے جو تمھیں یہ قوتیں پھر دے سکے گا؟ یعنی کوئی دوسرا نہیں ہے۔” (الانعام: 46)
رزق کی تمام کنجیاں اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔ وہ تمام مخلوق کا روزی رساں ہے۔ انسان اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے کوشش کرتا ہے، اسباب اختیار کرتا ہے، لیکن ان اسباب میں برکت اور ان کے نتائج اللہ ہی کے اختیار میں ہیں۔ آسمانوں اور زمین کے تمام خزانے اسی کے پاس ہیں۔”آسمانوں اور زمین کی کنجیاں اسی کے ہاتھ میں ہیں۔” (الزمر: 63)
زندگی اور موت بھی اللہ کے قبضہ قدرت میں ہے۔ وہ جس کو جب اور جہاں چاہے موت دے سکتا ہے۔ وہ جس کو زندگی دینا چاہے کوئی اسے مار نہیں سکتا اور وہ جسے مارنا چاہے اسے کوئی بچا نہیں سکتا۔ انسان اپنی زندگی کی حفاظت کے لیے ہزار تدبیریں کرتا ہے، لیکن زندگی اور موت کا فیصلہ اسی کے ہاتھ میں ہے۔”اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہی زندگی اور موت دیتا ہے۔” (الاعراف: 158)
اللہ کا علم تمام چیزوں پر حاوی ہے۔ اس کے دائرہ علم سے کوئی چیز باہر نہیں ہے، اس لیے کہ وہی ہر چیز کا خالق ہے۔ جو جس چیز کو بناتا ہے، اس کی ہر باریکی سے واقف ہوتا ہے۔ اسی طرح اللہ جو خالقِ حقیقی ہے، اس کے علم سے کوئی چیز کیسے بچ سکتی ہے؟ ہماری ہر حرکت، ہر سوچ اور ہر عمل اس کے علم میں ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے:”تمھارا خدا صرف اللہ ہے، جس کے سوا کوئی معبود نہیں، اس کا علم ہر چیز پر پھیلا ہوا ہے۔” (طٰہٰ: 98)
اللہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے اور ہر آن ہمیں دیکھ رہا ہے۔وہ ہماری ہر حرکت اور ہر سوچ سے واقف ہے۔ ہم رات کے اندھیروں اور جنگل کی تنہائیوں میں بھی اس سے بچ کر کہیں نہیں جاسکتے۔ انسان چپکے سے بات کرے یا زور سے، اس کے دل کے حالات بھی اللہ سے پوشیدہ نہیں ہیں۔
”چاہے تم چپکے سے بات کرو یا زور سے، وہ دلوں تک کے حالات جانتا ہے۔ کیا وہی نہیں جانے گا جس نے پیدا کیا ہے؟ وہ بہت باریک بیں اور باخبر ہے۔” (الملک: 13-14)
”ہم نے انسان کو پیدا کیا۔ ہم اس کے دل میں آنے والے وسوسوں تک کو جانتے ہیں۔ ہم اس کی رگ گردن سے بھی زیادہ اس کے قریب ہیں۔” (ق: 16)
ہماری تمام ضرورتیں اللہ ہی پوری کررہا ہے۔ اس کے قبض? قدرت میں دنیا کے تمام وسائل و اختیارات ہیں۔ وہ تمام کائنات کا تنہا مالک ہے۔ نفع و نقصان، عزت و ذلت، افلاس اور دولت، سب کچھ اس کے اختیار میں ہے۔ وہ جسے دینا چاہے کوئی چھین نہیں سکتا اور اگر وہ کسی سے چھیننا چاہے تو کوئی روک نہیں سکتا۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے:
”اے نبی! آپ کہیے، اے ملک کے مالک! تو جسے چاہے حکومت دے، جس سے چاہے چھین لے۔ تو جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے۔ بھلائی تیرے اختیار میں ہے۔” (آل عمران: 26)
اللہ تعالیٰ کی قدرت بہت بڑی ہے۔ اس کے اختیارات بے کراں ہیں۔ دنیا کے تمام وسائل، زمین و آسمان کی تمام دولت اس کے قبض? قدرت میں ہے۔ حدیث شریف میں آتا ہے کہ پوری کائنات اللہ کی دو انگلیوں کے بیچ میں ہے۔ اس کی قدرت اور عظمت کا تصور بھی انسانی عقل کے لیے حیرت انگیز ہے۔ آج کل کائنات کے بارے میں جو انکشافات ہورہے ہیں اور سائنس جو ترقی کررہی ہے، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اللہ کے خزانے اور قدرت کتنی وسیع ہیں۔
”بے شک اللہ ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔” (البقرۃ: 148)
”زمین اور آسمان میں جو کچھ ہے، وہ سب اللہ کی ملکیت ہے۔” (البقرۃ: 284)
جب دنیا کے تمام اختیارات اللہ ہی کو حاصل ہیں اور اس کی اجازت کے بغیر ایک پتہ بھی نہیں ہل سکتا تو کیوں نہ ہم اللہ ہی کی طرف رجوع کریں؟ اس کے حضور اپنی ضرورتیں رکھیں، اسی سے لو لگائیں، اسی سے محبت کریں، جو مانگنا ہے اسی سے مانگیں، اس کے سامنے ہاتھ پھیلائیں، اس کے سامنے دامن پساریں اور اس کے حضور گڑگڑائیں۔ وہ یقینا ہماری طرف متوجہ ہوگا اور ہمارے حالات بدل دے گا۔
اتنی عظیم ہستی، جس کے قبضے میں پوری کائنات ہے، اس کو چھوڑ کر ادھر اُدھر بھٹکنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ سب کچھ اللہ ہی کے اختیار میں ہے۔ زندگی، موت، نفع و نقصان، عزت اور ذلت، اس لیے جو بھی مانگنا ہے اسی سے مانگیے۔ اسی سے امیدیں وابستہ کیجیے، اسی سے ڈریے اور اسی سے محبت کیجیے۔ وہ بگڑی بات بنا سکتا ہے اور وہی بنی ہوئی بات کو بگاڑ سکتا ہے۔ اس سے اپنے تعلق کو مضبوط کر لیجیے، پھر دیکھیے دنیا کی کوئی طاقت آپ کا بال بیکا نہیں کرسکتی۔
جب اللہ ہی نے ہمیں پیدا کیا ہے، وہ ہماری ضرورتیں پوری کررہا ہے، وہ ہمارے احوال و اعمال دیکھ رہا ہے اور وہی ہر چیز پر قادر ہے تو ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں اس کے حکم کے مطابق زندگی گزاریں۔ ہمارے عقائد، ہماری عبادتیں، ہمارے معاملات، ہماری معیشت، ہماری سیاست اور ہماری معاشرت، سب کچھ اللہ کی مرضی کے مطابق ہو۔ تبھی ہم سچے مومن بن سکتے ہیں اور اللہ کی رحمت و مغفرت کے مستحق بھی۔علامہ اقبال نے اسی حقیقت کو کتنے خوب صورت انداز میں بیان کیا ہے:
وہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
ہزار سجدوں سے آدمی کو دیتا ہے نجات
