اداریہ ؍مضامین

اویسی اور آزاد کا سیاسی اتحاد، یوگی کو یا چندر شیکھر کو وزیر اعلیٰ بنانا مقصود ہے ؟

عبدالعزیز
9831439068
بیرسٹر اسد الدین اویسی (ایم پی) کی مجلس اتحاد المسلمین ایک خاندانی سیاسی پارٹی ہے جو حقیقت میں دو بھائیوں پر مشتمل ہے۔ دوسرے بھائی کا نام اکبر الدین اویسی ہے ۔ اکبر الدین اویسی اپنے بڑے بھائی کے مقابلے میں کم پڑھے لکھے معلوم ہوتے ہیں۔ان کا بیان بھی اپنے بھائی کے مقابلے میں جارحانہ، فرقہ پرستانہ اور غیر داعیانہ ہوتا ہے جو مسلمانوں کے لئے قابل شرمسار اور نقصاندہ ثابت ہوتا ہے۔ دو تین سال پہلے کی بات ہے انھوں نے ایک جلسہ عام میں برادرانِ وطن کو چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اگر فوج اور پولس کو ہٹا دیا جائے تو ہندوؤں کوچند گھنٹوں میں مسلمان سبق سکھاسکتے ہیں۔‘‘ ان کے اس بیان پر پورے ملک میں زبردست چرچا ہونے لگی تھی۔بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنی فرقہ پرستانہ دکان چمکانے کا موقع ہاتھ آگیا تھا۔ جناب اسد الدین اویسی سے اس موقع پر ایک نامہ نگار نے ان کے بھائی کے بیان پر ردِ عمل معلوم کرنا چاہا تو انھوں نے کہاکہ ’’معاملہ عدالت میں ہے اس لئے وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے‘‘۔ ان کے اس جواب سے ہر کوئی اندازہ لگا سکتا ہے کہ اپنے بھائی کے فرقہ پرستانہ بیان کو وہ قابل مذمت نہیں سمجھتے تھے بلکہ اپنے اور اپنی پارٹی کے لئے محض قابل قبول ہی نہیں سمجھتے بلکہ سود مند سمجھتے تھے۔
مسلم لیڈروں سے لے کر دیگر مسلم فرقہ پرست اور جذباتی لیڈروں کی تقریر سے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد دنیا بھر میں متاثر ہوتی ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کے نام پر مسلم لیگی لیڈرس ہندستان کو دو ٹکڑے کرنے میں کامیاب ضرور ہوگئے تھے لیکن مسلمانوں کی ابتری اور اسلام کی بدنامی جس طرح پاکستان میں ہوئی وہ شاید ہی دنیا کے کسی اور ملک میں ہوئی ہو۔ اسلام کے نام پر حاصل کیا جانے والا ملک اسلام سے کوسوں دور رہا۔ آج تک سودی قرض پر وہاں کے لوگ زندگی گزارتے ہیں۔ سود خوری کی وجہ سے ایک غیر مسلم ممبر پارلیمنٹ نے مسلم ممبرانِ پارلیمنٹ سے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے سودی نظام کی ممانعت کی ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ’’خدا سے ڈرو اور جو کچھ تمہارا سود لوگوں پر باقی رہ گیا ہے اسے چھوڑ دو۔ اگر واقعی تم ایمان لائے ہو، لیکن اگر تم نے ایسا نہ کیا تو آگاہ ہوجاؤ کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کی جانب سے تمہارے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔‘‘ ایک غیر مسلم اگر مسلمانوں کو ان کے ملک میں سود کی لعنت سے آگاہ کرتا ہے تو سوچنے کی بات ہے کہ وہ اللہ اور رسول کے ماننے والے ہیں یا کسی اور کو ماننے والے؟
پاکستانی حکمراں بار بار وہاں کے اسلامی نظریاتی کونسل سے غیر سودی نظام یا سودی بینکاری کو ختم کرنے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن 75سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا پاکستانی نظام معیشت کے لئے سودی قرض لینا اس قدر ضروری ہے کہ حکمراں عدالتوں سے درخواست پر درخواست کرتے ہیں کہ سودی قرض لئے بغیر ان کے نظام معیشت کا بھٹہ بیٹھ جائے گا۔ اس لئے ان کو مزید سودی قرض لینے کا موقع دیا جائے۔ جہاں تک مسلم لیگ کا تعلق ہے تو پاکستان حاصل کرنے والی مسلم لیگ دس بارہ پارٹیوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔ہندستانی مسلمانوں کو فرقہ پرست لیڈروں کی چال چلن سے سبق لینا چاہئے تھا، لیکن مسلمانوں کی بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ غیروں کی فرقہ پرستی کو تو بھانپت لیتے ہیں، سمجھ لیتے ہیں اور اس کو لعنت و ملامت بھی کرتے ہیں لیکن اکبرالدین اویسی یا اسد الدین اویسی کی فرقہ پرستی کو بعض وجوہ سے سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے یا سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں۔
اویسی صاحب بہار ہو، مہاراشٹر ہو یا اتر پردیش ہو،یہاں تک کہ بنگال میں بھی کسی نہ کسی کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتے ہیں۔ امریکہ میں زہران ممدانی یا عبدالرحمن محمد السعید جن کو عام طور پر عبداللہ السید کے نام سے مشہور کیا گیا ہے اس کا حوالہ دے کر جناب اسد الدین اویسی صاحب فرماتے ہیں کہ ’’عبدل کب تک دری بچھائے گا؟ اس کو بھی تو وزیر اعلیٰ بننا چاہئے۔ اس کے ہاتھ میں بھی اقتدار آنا چاہئے۔‘‘ اویسی صاحب بھول جاتے ہیں کہ زہران ممدانی ہوں اور عبدالرحمن محمد السعید ہوں ان دونوں کی کوئی مجلس اتحاد المسلمین نہیں ہے۔ دونوں ڈیموکریٹ پارٹی کے ممبر ہیں۔ دونوں انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں۔ عدل و انصاف، حریت اور مساوات، بھائی چارہ، اخوت اور اتحاد و امن کی باتیں اپنی تقریروں اور بیانات میں بار بار دہراتے رہتے ہیں۔ غریبی اور افلاس کو ختم کرنے کے طور طریقے پر اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام کے بجائے سماجی اور عدل اجتماعی کے نظام کو بروئے کار لانے کی محض بیان بازی سے کام نہیں لیتے ہیں بلکہ عملاً غریب سے غریب لوگوں کے مسائل کو ذاتی طور پر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے عیسائی تو عیسائی، یہودی فرقہ کے لوگ بھی عبدالرحمن یا زہرانی ممدانی جیسے مسلمانوں کی حمایت کرتے ہیں۔ حالانکہ یہ لوگ فلسطین کی آزادی اور آزاد ریاست کی حمایت کرتے ہیں اور اسرائیل کی قتل وغارت گری کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ کیا اسد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی عبدالرحمن محمد السعید یا زہران ممدانی کے طرزِ سیاست اور طرزِ زندگی کو اپنانے کی کوشش کریں گے؟
اتر پردیش اسمبلی کے گزشتہ انتخاب میں اسد الدین اویسی صاحب نے 100 امیدوار کھڑے کئے تھے اور ان کا دعویٰ یہ تھا کہ وہ یوگی آدتیہ ناتھ کی وزارت اور حکومت ختم کر دیں گے۔غور کیجئے اگر ایک سو جگہ سے جیت بھی جاتے تو کیا وہ یوگی حکومت کو ختم کرسکتے تھے؟ موصوف کی پارٹی کے ایک امیدوار کے سوا سب کی ضمانتیں ضبط ہوئیں، جس کی ضمانت ضبط نہیں ہوئی وہ بھی کامیاب نہیں ہوا، صرف اپنی ضمانت کسی طرح بچا سکا۔ چندر شیکھر آزاد نے بھی 110 امیدواروں کو کھڑا کیا تھا، ان کے ایک امیدوار کی ضمانت ضبط نہیں ہوئی باقی سب کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔ اب ان دونوں نے سیاسی اتحاد کیا ہے اور اویسی صاحب نے چندر شیکھر آزاد کو اپنے اتحاد کا وزیر اعلیٰ کے چہرہ کے طور پر پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی دونوں کے لئے ان کے اتحاد کا دروازہ کھلا ہوا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آزاد اور اویسی راہل گاندھی اور اکھلیش یادو سے زیادہ اتر پردیش کے لوگوں کے لئے مقبول اور محبوب ہیں۔ اویسی صاحب اکھلیش اور یوگی دونوں کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ یا بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران اسد الدین اویسی کی سیاست سے نالاں نہیں ہوتے بلکہ خوش ہوتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ بی جے پی کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔ جس حلقہ میں دو چار سو ووٹ حاصل کرنے میں ان کے امیدوار کامیاب ہوجاتے ہیں تو بی جے پی کے امیدوار کے جیتنے کا راستہ ہموار ہوجاتا ہے۔
سید عاصم وقار جو کبھی مجلس اتحاد المسلمین کے ممتاز ممبروں میں شامل تھے وہ اب کانگریس پارٹی کے رکن ہوگئے ہیں۔ کانگریس میں آنے کی ایک وجہ وہ بتاتے ہیں کہ جب انھوں نے مجلس اتحاد المسلمین کی سیاست کا غور و خوض کے ساتھ جائزہ لیا تو ان کی سمجھ میں آیا کہ ’’مجلس یا ہم لوگ بی جے پی کو ہرانے کی بات کرتے ہیں لیکن بی جے پی کے بجائے جو لوگ بی جے پی کو شکست دے سکتے ہیں ان کو ہرانے کا کام کرتے ہیں۔ ‘‘ عاصم وقار کو اس وقت سمجھ میں آیا جب وہ جذبات سے کام لینے کے بجائے سنجیدگی اور دانشمندی سے کام لینا شروع کیا۔ جہاں تک دونوں بھائیوں کا سوال ہے تو وہ عاصم وقار کی طرح نہ غور و فکر کرسکتے ہیں اورنہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں، کیونکہ دونوں بھائی سیاست نہیں کر رہے ہیں بلکہ تجارت کر رہے ہیں۔ ان کی تجارت یہ ہے کہ کروڑوں اربوں کی جو جائیداد یا املاک وقف سے حاصل ہوئی ہے خاندانی طور پر اس کو بچانا ہے۔ اور ایم ایل اے یا ایم پی بن کر یہ کام آسان ہوسکتا ہے۔ فرقہ پرستانہ سیاست سے بی جے پی کو فائدہ پہنچا کر بی جے پی کے ظلم و ستم سے بچا جاسکتا ہے۔
کلکتہ میں تپن گھوش آر ایس ایس میں 25سال رہنے کے بعد ’ہندو سمیتی‘ نام کی ایک تنظیم بنائی تھی۔ جہاں جہاں ہندی بولنے والوں کی آبادی رہتی ہے وہاں وہاں وہ فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے تھے۔
 کہیں کہیں فرقہ وارانہ فساد کرانے میں کامیاب بھی ہوجاتے تھے۔ کتابچے اور پمفلٹ کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرتے تھے۔ ان سے ملاقات اور بات چیت کے لئے خاکسار نے کئی مہینے تک کوشش کی تو رضامند ہوئے۔ میرے ساتھ مولانا نعمت حسین حبیبی اور قمر الدین ملک صاحبان بھی تھے۔ او پی شاہ کے چیمبر میں تپن گھوش اپنے ایک رفیق کے ساتھ آئے۔ بات چیت ہوئی۔ ان سے ہم لوگوں نے کہاکہ ہم لوگ آپ سے دوستی کرنا چاہتے ہیں اور بھائی چارہ کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ جواب میں انھوں نے کہاکہ ’’مسلمانوں سے ہندوؤں کی دوستی کبھی نہیں ہوسکتی۔یہ آپ کے قرآن مجید میں لکھا ہوا ہے۔‘‘ ہم نے جب ان کو قرآن مجید کی سورہ السجدہ پڑھ کر سنایا اور بتایا کہ آپ جو فرما رہے ہیں قرآن مجید میں اس کے برعکس ہے۔ اس میں ’’مسلمانوں کو دشمنوںکے ساتھ اعلیٰ اخلاق اور اعلیٰ ظرفی کے ساتھ سلوک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اگر ایسا کروگے تو کٹر سے کٹر دشمن بھی تمہارے جگری دوست بن سکتے ہیں۔‘‘تپن گھوش یہ سن کر خاموش ہوگئے۔ کچھ دنوں کے بعد میرے پاس ان کا فون آیا اور وہ پوچھنے لگے کہ اکبر الدین کے بیان کے متعلق آپ کا کیا خیال ہے؟ میں نے ان سے کہاکہ ’’فرقہ پرستانہ بیان آپ کا ہو یا اکبر الدین کا ہو، دونوں قابل مذمت ہے۔‘‘
اوپی شاہ صاحب نے کئی سال پہلے جب شومک بھٹا چاریہ جو اس وقت بی جے پی کے صدر ہیں بی جے پی کے اس وقت واحد ایم ایل اے تھے، ایک سمینار میں اس وقت کے بنگال کے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی کو بھی مدعو کیا تھا۔ شاہ صاحب نے راقم الحروف سے دریافت کیا کہ ’’مسلمانوں میں سے کس سیمینار میں بلایا جائے؟‘‘ تو جواب میں میں نے کہا تھا کہ ’’آپ جس کو چاہیں بلا سکتے ہیں۔‘‘ شاہ صاحب نے کہاکہ ’’شومک بھٹاچاریہ نے مجھ سے کہا ہے کہ اسد الدین اویسی صاحب کو بلائیے۔‘‘ ان کی بات سن کر میں ہکا بکا رہ گیا کہ بی جے پی کے لوگ چاہتے ہیں کہ اسد الدین اویسی ان کے آمنے سامنے رہیں تو ان کی فرقہ پرستی میں چار چاند لگ سکتا ہے۔‘‘
مسلمانوں کو فرقہ پرستانہ سیاست کبھی بھی راس نہیں آئی۔ مسلمانوں کو کسی بھی حال میں فرقہ پرست نہیں ہونا چاہئے، خواہ حالات جیسے بھی ہوں۔ مسلمان خدا پرست ہوتا ہے، فرقہ پرست نہیں۔ اتر پردیش میں اویسی صاحب کی فرقہ پرستی کبھی بھی راس نہیں آئے گی۔ اس لئے کہ مسلمانوں کو ان کی فرقہ پرستانہ سیاست سے دور رہنا چاہئے۔ ان کے اتحاد کو یا ان کی پارٹی کے حق میں جو بھی ووٹ پڑے گا وہ فرقہ پرست بھاجپا کے لئے سودمند ہوگا اور یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلیٰ بنانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔