اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کی حمایت میں ہندوستان کی ووٹنگ کا جماعت اسلامی ہند کی جانب سے خیر مقدم
نئی دہلی،،سماج نیوز:جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی اس قرارداد کے حق میں ہندوستان کے ووٹ کا خیرمقدم کیا ہے، جس کے تحت فلسطینی عوام کے قدرتی وسائل، بشمول زمین، پانی اور توانائی کے وسائل پر ان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے ۔میڈیا کے لیے جاری اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ اس قرارداد کے حق میں ہندوستان کا ووٹ ایک خوش آئند قدم ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت اور ناانصافی کے خلاف ہندوستان کے تاریخی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ کے 150 دیگر رکن ممالک کے ساتھ اس قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیا، جب کہ اسرائیل اور امریکہ سمیت صرف سات ممالک نے ہی اس کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ ایسے وقت میں جب ہندوستان کو اسرائیل کا دوست اور فلسطین کو دشمن کے طور پر پیش کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے ہندوستان کی طرف سے اس کی حمایت کرنا ایک قابل تعریف قدم ہے ۔ فلسطین کی حمایت اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے بلکہ یہ ہمارے ملک کے قومی مفاد میں بھی ہے۔ سید سعادت اللہ حسینی نے مزید کہا کہ اس قرارداد میں فلسطینی عوام کے قدرتی وسائل پر ان کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔ قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بشمول مشرقی یروشلم میں اسرائیلی بستیاں اور یہاں تعمیر کی جانے والی دیوار بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس کے نتیجے میں فلسطینی عوام اپنے قدرتی وسائل سے بری طرح محروم ہو رہے ہیں۔قرارداد میں پانی کی پائپ لائنوں، سیوریج کے نظام اور بجلی کے نیٹ ورک سمیت بنیادی اہمیت کے حامل ڈھانچے کی تباہی روکنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی گھروں، شہری ڈھانچے، کھیتوں اور پانی کے کنوؤں کو منہدم کرنے اور ان پر قبضہ کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند کا ماننا ہے کہ ان جائز حقوق کے لیے بین الاقوامی حمایت کو مستقل طور پر برقرار رکھا جانا چاہیے اور اسے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔
سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ آزاد فلسطینی ریاست کے حق میں موقف اختیار کیا ہے اور ناانصافی کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ ہمارے اپنے ملک میں انصاف کے لیے آواز اٹھانے والوں کی سرکوبی اور ان کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ۔ سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے کے حق کا احترام ہر حال میں کیا جانا چاہیے۔ حکومت اور انتظامی حکام کو یقینی بنانا چاہیے کہ فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کرنے پر کارکنوں، طلبہ، سماجی تنظیموں اور باشعور شہریوں کو ہراساں نہ کیا جائے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی کی جائے۔
