شادی سے لوٹ رہی اسکارپیو میں ہائیوا نے ماری ٹکر، 3 خواتین سمیت 4 کی موت
پٹنہ، (ہ س)۔ بہار کے پٹنہ ضلع میں شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہوگئیں، جب شادی کی تقریب سے واپس لوٹ رہی ایک اسکارپیو کو بے قابو ہائیوا نے زوردار ٹکر مار دی۔ اس دردناک سڑک حادثے میں تین خواتین سمیت چار افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ تین دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ حادثہ اتھمل گو لا تھانہ حلقہ کے سونیمہ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔موصولہ اطلاع کے مطابق باڑھ تھانہ حلقہ کے سکندرا گاوں سے ایک بارات بختیارپور کے بیلتھان گاوں گئی تھی۔ شادی تقریب مکمل ہونے کے بعد باراتی اسکارپیو گاڑی سے اپنے گاوں واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران اتھمل گو لا تھانہ علاقے میں سونیما پٹرول پمپ کے قریب ایک بے قابو ہائیوا نے اسکارپیو کو زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں سوار افراد کو سنبھلنے تک کا موقع نہیں ملا اور اس حادثے میں چار افراد کی جان چلی گئی۔حادثے میں شدید طور پر زخمی تین افراد کو مقامی لوگوں کی مدد سے علاج کے لیے باڑھ اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بہتر علاج کے لیے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال (پی ایم سی ایچ) ریفر کردیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور حادثے کا شکار گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ پولیس نے چاروں مہلوکین کی لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔ادھر حادثے کی خبر سکندرا گاوں پہنچتے ہی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ شادی کی خوشیوں میں شریک خاندانوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ مہلوکین کے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے، جبکہ گاو?ں میں غم کی فضا قائم ہے۔
