بہار نامہ

سڑک حادثے میں بچوں کی موت کے بعد مشتعل دیہاتیوں نے پولیس وین کو آگ لگائی، پانچ پولیس اہلکار زخمی

ارریہ، 28 نومبر (یو این آئی) بہار کے ضلع ارریہ میں سڑک حادثے میں بچوں کی موت کے بعد مشتعل دیہاتیوں نے پولیس وین کو آگ لگا دی اور پتھراؤ کرکے پانچ پولیس اہلکاروں کو زخمی کردیا۔یہ واقعہ بسمتیہ تھانہ علاقے کے بھیرونج گاؤں کے منصوری ٹولہ میں پیش آیا۔ فی الحال جائے وقوعہ پر امن بحال کردیا گیا ہے اور پولیس فورس کے ساتھ ایس ایس بی کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
فاربس گنج کے سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) راج کشور کمار نے بتایا کہ سڑک حادثے کے بعد دیہاتیوں نے کار ڈرائیور کو یرغمال بنا لیا تھا۔ یرغمال ڈرائیور کو آزاد کرانے کی کوشش کے دوران مشتعل بھیڑ نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا اور پولیس وین کو آگ لگا دی۔ پتھراؤ میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تاہم سبھی محفوظ ہیں۔ایس ڈی پی او نے بتایا کہ مشتعل بھیڑ کے حملے کے باوجود پولیس نے یرغمال بنائے گئے کار ڈرائیور کو بحفاظت آزاد کرا لیا۔ واقعے کے سلسلے میں تقریباً دو درجن شرپسند عناصر کی شناخت کی گئی ہے۔ ان کے خلاف بسمتیہ تھانے میں ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ سبھی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والے بچوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے۔ جائے وقوعہ پر صورت حال قابو میں ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس اور ایس ایس بی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔