بہار نامہ

ڈاکٹر محبوب عالم انصاری پھر اتفاق رائے سے بھارتیہ مومن فرنٹ کے قومی صدر منتخب، ایڈوکیٹ ساکیت آنند پارٹی کے ریاستی صدر بنے

پٹنہ:بھارتیہ مومن فرنٹ نے اپنے قیام کے30سال مکمل ہونے کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ ملک میں ہندو۔مسلم اتحاد کے قیام کے لیے منظم تحریک چلائی جائے گی اور سماج میں مذہب اور ذات کی بنیاد پر کشیدگی اور نفرت پیدا کرنے والی طاقتوں کا پوری مضبوطی سے مقابلہ کیا جائے گا۔ پارٹی نے بہار سمیت پورے ملک میں اپنے تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط و مستحکم بنانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کے پہلے وزیر داخلہ آنجہانی سردارولبھ بھائی پٹیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سماج اور ملک کو پوری طرح متحد و منظم کرنے کے لیے ہر سطح پر بیداری مہم چلائی جائے گی اور جدوجہد بھی کی جائے گی۔ جمعہ کوآئی ایم اے ہال میں بھارتیہ مومن فرنٹ کی جانب سے آنجہانی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 151ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے قومی صدر ڈاکٹر محبوب عالم انصاری، نومنتخب ریاستی صدر ایڈوکیٹ ساکیت آنند اور دیگر سرکردہ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں یہ اعلانات کیے۔

اس موقع پر پارٹی کا تنظیمی انتخاب بھی عمل میں آیا جس کے دوران اتفاق رائے سے ڈاکٹر محبوب عالم انصاری کو ایک بار پھر پارٹی کا قومی صد رمنتخب کرلیا گیا جبکہ پٹنہ ہائی کورٹ کے سرگرم، فعال اور نوجوان ایڈوکیٹ ساکیت آنند کو ریاستی صدر کے عہدے کی ذمہ داری سونپی گئی اور قومی صدر ڈاکٹر محبوب عالم انصاری سمیت تمام عہدے داروں اور رہنمائوں نے مالا و گلدستہ وغیرہ پیش کرکے نومنتخب ریاستی صدر ساکیت آنند کو پُرخلوص مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ساکیت آنند نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پارٹی کے تمام پرانے رہنمائوں و کارکنوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور طلبا و نوجوانوں کو بھی پارٹی میں سرگرم حصہ دار بنائیں گے تاکہ آنے والے انتخابات میں بھارتیہ مومن فرنٹ ایک بڑی سیاسی قوت بن کر اُبھرے اور اُس کی حمایت کے بغیر بہار میں کوئی نئی حکومت نہیں بن سکے۔تمام دبے کچلے طبقہ اور عوام کو ایک مضبوط متبادل فراہم کرنے کے لیے بھارتیہ مومن فرنٹ بھی مستعدی سے میدانِ عمل میں سرگرم ہو گیاہے جس پر عوام کے سبھی طبقوں کا اعتماد تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے۔تنظیمی انتخاب کے تحت ڈاکٹر محمد نواب کو ایک بار پھر پارٹی کا قومی نائب صدر منتخب کرلیا گیا ہے جبکہ مہیش پرساد گوپ کو ریاستی جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے۔ راکیش کمار پٹیل کو پھر سے قومی دفتر انچارج کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پٹنہ ہائی کورٹ کی سرگرم ایڈوکیٹ عزمہ سلطان کو پارٹی کا میڈیا کو آرڈینیٹر منتخب کیا گیا ہے۔تقریب سے قومی و ریاستی صدر کے علاوہ ڈاکٹر محمد نواب، بھرت کوشک، مدھیہ پردیش کے ریاستی صدر عبدالقیوم انصاری، رام نریش یادو، غلام مصطفی انصاری، رام جی رام، محمد شہاب الدین انصاری، مہیش پرساد گوپ، ایڈوکیٹ عزمہ سلطان، راکیش کمار پٹیل، خاتون مورچہ کی سکریٹری اندو دیوی، نسیم احمد کمال اور دیگر کئی سرکردہ رہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور آنجہانی سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نقش قدم پر چلنے کے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر محبوب عالم انصاری نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ضعیفی کے باوجود بھارتیہ مومن فرنٹ کو عروج پر پہنچانے اور ریاست و ملک کے نظام اور اقتدار میں تبدیلی کے لیے وہ زندگی کی آخری سانس تک جدوجہد کرتے رہیں گے اور کبھی بھی فرقہ پرست قوتوں سے سمجھوتہ نہیں کریں گے اور نہ کسی پارٹی کے سامنے جھکیں گے۔ سماج کی بہتری کے لیے کام کرنا ہی ان کی زندگی کا بنیادی مقصد ہے۔ ریاستی صدر ایڈوکیٹ ساکیت آنند نے کہا کہ بھارتیہ مومن فرنٹ اب ایک نئی اور مضبوط سیاسی طاقت کے طور پر بہار کی سیاست میں سرگرم کردار ادا کرے گا اور ایک مضبوط پارٹی کے طور پر عوام کی پہلی پسند بننے کی کوشش کرے گا۔قبل ازیں تمام رہنمائوں نے آنجہانی سردار پٹیل کی تصویر پر گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔