ہندو مسلم اتحاد اور مولانا آزاد کے افکار ہی ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں: مولانا ابو طالب رحمانی
موتیہاری کے تاریخی ضلع اسکول گراؤنڈ میں عظیم الشان پیغامِ آزاد کانفرنس کا انعقاد، ملک کی نامور علمی و ملی شخصیات کی شرکت
موتیہاری( ابو عدنان عزیر): شہر کے تاریخی ضلع اسکول گراؤنڈ میں اتوار کے روز پیغامِ آزاد کانفرنس کا ایک عظیم الشان انعقاد عمل میں آیا، جس میں ملک کے پہلے وزیر تعلیم، بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کے افکار و نظریات، ہندو مسلم اتحاد، قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور مسلمانوں کی تعلیمی و سماجی ترقی کے موضوعات پر ملک کی ممتاز علمی، ملی اور سماجی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کانفرنس کی صدارت آل انڈیا ملی کونسل کے صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کی، جبکہ معزز رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) ڈاکٹر خالد انور نے کنوینر کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کا انتظام ڈاکٹر تبریز عزیز کی زیر نگرانی عمل میں آیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ابو طالب رحمانی، چیئرمین مولانا آزاد فاؤنڈیشن نے کہا کہ ملک کی حقیقی ترقی، خوشحالی اور استحکام ہندو مسلم اتحاد اور مولانا ابوالکلام آزاد کے افکار و نظریات کو اپنانے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام شہریوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔ باہمی بھائی چارہ، امن، محبت اور قومی ہم آہنگی ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں، جنہیں ہر قیمت پر برقرار رکھنا ضروری ہے۔
ممبئی سے تشریف لائے انجمن اسلام کے صدر اور پدم شری اعزاز یافتہ ڈاکٹر ظہیر قاضی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کو تعلیم کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ جدید اور اعلیٰ تعلیم ہی قوم کی ترقی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ لوگ لاکھ تعصب اور تنگ نظری سے کام لیں، لیکن ہماری لیاقت اور صلاحیتوں کو چھپا نہیں سکتے۔ مسلمان اپنی علمی قابلیت، محنت اور اہلیت کی بنیاد پر اپنے تابناک ماضی کی طرح ایک روشن مستقبل بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں، تاکہ وہ انتظامی خدمات، سائنس، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں میں اعلیٰ مقام حاصل کرکے ملک و قوم کی تعمیر میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے موتیہاری میں تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
معزز ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ آج ملک میں چند مٹھی بھر عناصر نفرت اور تفریق کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اگر ہم سب بیدار اور متحد ہو جائیں تو ایسے عناصر خود بخود اپنی جگہ چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد کے افکار آج بھی ملک کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کانفرنس کے صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں مولانا ابوالکلام آزاد کی عظیم علمی، سیاسی اور ملی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھے، بلکہ وہ ایک عظیم مفکر، مفسر، صحافی، مجاہد آزادی اور قومی یکجہتی کے بے مثال علمبردار تھے۔ ان کی فکر میں ملک کی مشترکہ تہذیب، اتحاد اور تعلیمی ترقی کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے نظریات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
کانفرنس سے ڈاکٹر تبریز عزیز، ڈاکٹر عبدالخبیر، ڈاکٹر پرویز عزیز، ڈاکٹر طاہر الدین، مہاتما گاندھی سینٹرل یونیورسٹی موتیہاری کے پروفیسر مرتیونجے کمار یادو، مولانا مشہود الرحمن شاہین چترویدی، مولانا ظفر اللہ خان چشتی، مولانا جاوید قاسمی، مفتی ضیاء الحق قاسمی، مولانا ظفر عبدالرؤف قاسمی، مولانا عنایت اللہ فردوسی، مولانا اصغر امام مہدی سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا اور مولانا آزاد کے افکار و نظریات کی معنویت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر بی جے پی لیڈر عبدالرحمن، صحافی عزیر انجم، ڈاکٹر عقیل مشتاق، ڈاکٹر خورشید عزیز، شکیل انصاری، جے ڈی یو لیڈر امریندر کمار سنگھ، ڈاکٹر صبا اختر، فخر الدین علی احمد، رضا ءالرحمن انصاری، اشرف علی خان،شمشاد خان،ضلع اوقاف کمیٹی کے صدر سید مبین احمد، استاد امان اللہ، عزیر سالم، فیروز عالم، نجی اللہ خان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کانفرنس کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ مولانا آزاد کے خوابوں کا ہندوستان اسی وقت تعمیر ہو سکتا ہے جب ملک کے تمام طبقات تعلیم، اتحاد، آئینی اقدار، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے راستے پر مل کر آگے بڑھیں۔
