ایمس پٹنہ میں طبی تعلیم پروگرام: نوجوان ڈاکٹر انٹروینشنل ریڈیولوجی کی جدید تکنیک سیکھیں گے
پٹنہ، 28 نومبر (یو این آئی) آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، پٹنہ میں انٹروینشنل ریڈیولوجی کے موضوع پر دو روزہ قومی مسلسل طبی تعلیم پروگرام ‘ڈاکٹر راجندر راؤ سی ایم ای 2026’ کا ہفتہ کو آغاز ہوا۔ اس میں ملک کے مختلف طبی اداروں سے 120 سے زائد ڈاکٹر اور میڈیکل کے پی جی طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔اس پروگرام کو انڈین ریڈیولوجیکل اینڈ امیجنگ ایسوسی ایشن کی مالی معاونت حاصل ہے، جبکہ اس کا انعقاد انڈین کالج آف ریڈیولوجی اینڈ امیجنگ کر رہا ہے۔ آئی آر آئی اے کے بہار اسٹیٹ چیپٹر نے ایمس پٹنہ کے شعبہ ریڈیو ڈائیگنوسس کے تعاون سے اس پروگرام کی میزبانی کی ہے۔
پروگرام میں ملک کے کئی معروف ریڈیولوجی ماہرین شریک ہوئے۔ ان میں آئی آر آئی اے کے نائب صدر ڈاکٹر ایم وی کے راؤ، آئی سی آر آئی کے نائب صدر ڈاکٹر رمیش چندر، آئی ایس وی آئی آر کے صدر اور نئی دہلی کے آئی ایل بی ایس سے وابستہ ڈاکٹر امر مکند، ایمس نئی دہلی کے ڈاکٹر سنجیو کمار اور کرو فیٹل انسٹی ٹیوٹ، تروچیراپلی کے ڈاکٹر کارتک سینتھل ویل نمایاں ہیں۔
ایمس پٹنہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر (بریگیڈیئر) ڈاکٹر راجو اگروال نے ریکارڈ شدہ پیغام کے ذریعے شرکا کو نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے ایسے پروگراموں کو ڈاکٹروں کے علم اور مہارت میں اضافے کے لیے اہم قرار دیا۔
ایمس پٹنہ کے شعبہ ریڈیو ڈائیگنوسس کے سربراہ اور کانفرنس کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر راجیو نین پریہ درشی نے بتایا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوان ریڈیولوجسٹس، خصوصاً پی جی طلبہ کو انٹروینشنل ریڈیولوجی کی بنیادی معلومات فراہم کرنا اور جدید طبی تکنیکوں کی عملی تربیت دینا ہے۔
پروگرام میں ماہرین کے خطابات، تحقیقی مقالوں کی پیش کش، مریضوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال اور عملی تربیتی نشستیں منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس دوران خون کی نالیوں میں جمے لوتھڑوں کو نکالنے، پیروں کی پھولی ہوئی رگوں کے علاج اور امیج گائیڈڈ بایوپسی و ڈرینیج جیسے جدید طبی طریقۂ کار کی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انٹروینشنل ریڈیولوجی میں بڑی سرجری کے بغیر جدید مشینوں کی مدد سے جسم کے اندرونی امراض کا علاج کیا جاتا ہے۔ اس تکنیک میں معمولی چیرا لگا کر علاج ممکن ہے۔ ایسے تربیتی پروگرام نوجوان ڈاکٹروں کو نئی تکنیکوں سے روشناس کرانے اور مریضوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی سمت میں اہم ہیں۔
دو روزہ پروگرام کا اختتام 29 نومبر کو ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے لیے کوئز مقابلے اور انعامات کی تقسیم کی تقریب کے ساتھ ہوگا۔
