مسجدابوبکرمیں جمعیتہ علماء گھاسیڑہ کے ارکان منتظمہ کی میٹنگ – نسل نو کے اخلاقی انحطاط اور معاشرتی برائیوں کے سدباب پر زور
نوح،میوات،،سماج نیوز سروس: جمعیتہ علماء حلقہ گھاسیڑہ کی ایک اہم میٹنگ آج مسجد ابوبکرصدیق(بازاروالی) میں منعقد ہوئی،جس میں نسلِ نو کی دینی اخلاقی حفاظت،بچیوں کی عصری تعلیم،معاشرتی اصلاح اور متعدد سماجی و ملی مسائل پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔قبل ازیں میٹنگ کا آغاز قاری محمد لقمان غفرانی کی تلاوتِ کلام پاک اور قاری عبد الماجد غفاری کے نعتیہ کلام سے ہوا۔میٹنگ میں اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی کہ نئی نسل کو اخلاقی و دینی انحطاط سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اور منظم اقدامات کیے جائیں۔اس سلسلے میں بچیوں کی عصری تعلیم کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس ضرورت کو محسوس کیا گیا کہ قوم اپنی بچیوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایسے معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنے کی سمت پیش رفت کرے جو دینی اقدار اور اسلامی تہذیب کے تحفظ کے ساتھ عصری تعلیم کی ضروریات بھی پوری کرسکیں۔ بالخصوص مخلوط تعلیمی اداروں کے بجائے متبادل کے طور پر تعلیمی نظام تیار کرنے پر زور دیا گیا۔شرکاء نے معاشرے میں مروجہ مختلف برائیوں،بالخصوص شادی بیاہ کی تقریبات میں ناچ گانے، ڈی جے اور دیگر غیر شرعی رسوم کے سدباب پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان برائیوں کے خاتمہ کے لیے اجتماعی بیداری پیدا کی جائے اور عوام کو دینی و معاشرتی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا جائے اس کے لئے مختلف ایسی جماعتیں تشکیل دی گئیں جو بر وقت مذکورہ منکرات کے کے خلاف اقدامات کرنے کرنے کا کام کریں گی۔میٹنگ میں گاؤں کے قبرستان کی صفائی ستھرائی اور اس کی دیکھ بھال کے مسئلے پر بھی گفتگو ہوئی۔شرکاء نے اس بات کی ضرورت محسوس کی کہ قبرستانوں کی صفائی اور حفاظت کے لیے مستقل توجہ دی جائے۔ مجموعی طور پر تمام امور میں باہمی مشاورت اور اجتماعی تعاون کے ساتھ عملی اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔مولانا خورشید احمد امینی صدر جمعیت علماء حلقہ گھاسیڑہ کی صدارت و نوجوان عالم دین حضرت مولانا قاری طیب صاحب امام وخطیب مسجد بازار والی کی قیادت میں منعقد اس تقریب میں درجنوں علماء وائمہ سمیت متعدد کارکنان جمعیتہ نے شرکت کی جن میں مولانا محمد زاہد امینی نائب صدر جمعیتہ علماء متحدہ پنجاب،مولانا نور الدین قاسمی، قاری محمد قاسم مہتمم جامعۃ الاقراء گھاسیڑہ،قاری لقمان غفرانی،قاری عبد الماجد غفاری،قاری خلیل احمد نعمانی،مولانا نعمان محمدی،مولانا محمد عالیاوی،مولانا مستقیم قاسمی،مولانا طیب قاسمی،مولانا صابر محمدی، قاری آصف رحمانی،قاری راشد للو،حافظ عاصم ابراہیم بھائی وشمیم شیخ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔مولانا عثمان صاحب دبئی کی مختصر دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔
