پٹنہ میں دو روز تک گھنے کہرے کا یلو الرٹ جاری، 23 نومبر سے رات میں سردی میں ہوگا اضافہ
پٹنہ، (ہ س)۔ بہار میں موسم کا مزاج تیزی سے بدل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات مرکز پٹنہ نے راجدھانی پٹنہ سمیت جنوبی وسطی بہار کے کئی اضلاع میں 22 اور 23 نومبر کے لیے گھنے کہرے کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق صبح کے وقت کئی علاقوں میں گھنا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے سڑکوں پر آمد و رفت متاثر ہوسکتی ہے۔ حالانکہ ان دو دنوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور آسمان پر جزوی طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق 22 نومبر کو پٹنہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ وہیں 23 نومبر کو دن کے درجہ حرارت میں تقریباً دو ڈگری کا اضافہ ہوسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری گر کر 19 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے، جس کے باعث رات کے وقت سردی میں معمولی اضافہ محسوس ہوگا۔موسمیاتی مرکز کے مطابق ہفتہ کے روز پٹنہ شہر میں دن کے وقت بھی دھند دیکھی گئی۔ اسے سمندری طوفان اکوان کے ممکنہ اثرات سے جوڑا جارہا ہے۔ محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ دنوں کے دوران رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ درج کیا گیا، جس کی وجہ سے رات کی سردی میں کمی آئی ہے۔حالانکہ آئندہ دنوں میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ سردی دوبارہ بڑھنے کے آثار ہیں۔محکمہ موسمیات کے گزشتہ پانچ دنوں یعنی 17 سے 21 نومبر کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو پٹنہ میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.7 ڈگری سے 29.7 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا، جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 16.3 ڈگری سے بڑھ کر 21.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ اس اضافے کے سبب رات کے وقت سردی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی۔ 21 نومبر کو جاری موسمیاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پٹنہ ایئرپورٹ پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.1 ڈگری اور کم سے کم 20.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مشرقی پٹنہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.9 ڈگری اور کم سے کم 21.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید پیشن گوئی کی ہے کہ 23 سے 25 نومبر تک موسم خشک رہے گا اور دھوپ نکلنے کا امکان ہے۔ 24 اور 25 نومبر کی صبح کہرا یا دھند چھائی رہ سکتی ہے، لیکن بعد میں آسمان صاف ہوجائے گا۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت بتدریج گر کر 16 سے 17 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر صبح اور رات کے وقت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، خصوصاً سفر کرنے والے افراد کو گھنے کہرے کے دوران گاڑی چلاتے وقت خصوصی احتیاط کرنی چاہیے۔
