الفلاح اسلامک اسکول کا سالانہ جلسہ ایوانِ غالب میں منعقد
نئی دہلی،28نومبر،پریس ریلیز،ہمارا سماج: الفلاح اسلامک اسکول کا سالانہ جلسہ ایوانِ غالب آڈیٹوریم، دہلی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ و طالبات نے اسلامی اقدار و روایات کا لحاظ رکھتے ہوئے مختلف تعلیمی، تربیتی اور ثقافتی پروگرام پیش کیے۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور اس کے ترجمے سے ہوا۔ اس کے بعد طلبہ و طالبات نے حمد، نعت، ترانہ، قوالی، نظمیں اور تقاریر پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ بچوں نے اپنی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کا بہترین مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔اس موقع پر طلبہ و طالبات کے والدین، اسکول کے اساتذہ، الفلاح اسلامک اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین اور دیگر معزز مہمان موجود تھے۔ پروگرام میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر نصرت اللہ خان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور سلیم اللہ خان، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، دہلی نے شرکت کی۔ دونوں مہمانوں نے بچوں کی پیش کشوں اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔معیاری تعلیم کے ساتھ اخلاقی و تربیتی پہلوؤں پر توجہ ضروری: عبدالوحیداس موقع پر اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے منیجر عبدالوحید نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت اور نئی نسل کی علمی و اخلاقی تربیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت اجاگر کی کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی ذہنی و فکری نشوونما کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ تعلیم کا مقصد محض امتحانات میں کامیابی حاصل کرنا نہیں، بلکہ بچوں کو ایک ذمہ دار، باکردار اور مفید شہری بنانا بھی ہے۔ اس کے لیے اسکول، والدین اور اساتذہ کو باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔تعلیم کے ساتھ اسلامی شناخت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا تحفظ ضروری: سلیم اللہ خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، دہلی سلیم اللہ خان نے اپنے خطاب میں تعلیم و تربیت کی اہمیت اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی رہنمائی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کا مقصد انہیں زندگی کے مختلف میدانوں میں کامیاب بنانے کے ساتھ ایک اچھا انسان اور معاشرے کا ذمہ دار فرد بنانا بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعلیم کے ساتھ اسلامی اقدار، اخلاق و کردار اور سماجی ذمہ داریوں کو پیش نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو اول، دوم اور سوم انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کی محنت و صلاحیتوں کو سراہا گیا۔پروگرام کی نظامت اسکول کے سکریٹری ساجد عمیر صاحب نے انجام دی۔ اس موقع پر اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے منیجر عبدالوحید صاحب بھی موجود تھے۔ پروگرام خوش گوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
