دہلی فسادات 2020 :قتل کے مقدمے میں چھ مسلمان باعزت بری
جمعیۃ علماء ہند کی قانونی کوششوں سے انصاف کی راہ ہموار
نئی دہلی، 28 نومبر،سماج نیوز سروس: شمال مشرقی دہلی میں فروری 2020 کے فسادات کے دوران قتل کے ایک مقدمے میں دہلی کی عدالت نے چھ ملزمان کو بری کردیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ ملزمان کی جائے وقوع پر موجودگی اور مقتول کی شناخت سے متعلق الزامات کو شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہا۔کڑکڑڈوما عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ نے 48 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا کہ آلوک تیواری کی موت شدید سر اور دماغی چوٹوں کے نتیجے میں ہوئی تھی، تاہم دستیاب شواہد سے یہ ثابت نہیں ہوسکا کہ مذکورہ چھ ملزمان اس حملے میں شریک تھے۔اس مقدمے میں محمد سلمان پرانا مصطفی آباد، پرویز مہالکشمی اینکلو بابو نگر دہلی، اشرف علی چمن پارک اندرا وہار، سونو سیفی بابو نگر پرانا مصطفیٰ آباد، جاوید علی پرانا مصطفی ٰآباداور عارف پرانا مصطفی ٰ باد ملزم تھے، جو تقریباً چھ سال سے عدالتی حراست میں تھے۔ عدالت نے گواہوں کے بیانات میں تضادات، مقتول کی شناخت سے متعلق خامیوں اور ملزمان کی انفرادی شرکت کے واضح ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں بری کردیا۔اس مقدمے میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کی قانونی ٹیمجس میں ایڈوکیٹ سلیم ملک اور ایڈووکیٹ عبدالغفار شامل ہیں نے جاوید اور اشرف علی کے لیے قانونی چارہ جوئی کی۔جمعیۃ علماء ہند کےصدر مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی و سکریٹری مولانا نیاز احمد فاروقی کی نگرانی میں دہلی فسادات سے متعلق مقدمات میں متاثرین اور ملزمان کو قانونی امداد فراہم کرنے کے سلسلے میں مسلسل سرگرم ہے۔
دہلی فسادات سے متعلق مجموعی طور پر 267 مقدمات میں قانونی پیروی کی جارہی ہے، جن میں جمعیۃ کی کوششوں سے اب تک 155 مقدمات میں ملزمان بری ہوچکے ہیں۔ازیں قبل جمعیۃ کی کوششوں سے 586ضمانتیں ہوچکی ہیں۔
